ترقیاتی منصوبہ جات کا فزیکل آڈٹ کرایا جائے گا، وزیر اعظم آزاد کشمیر

اسلام آباد(امت نیوز)وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ ترقیاتی منصوبہ جات کی بروقت اور شفاف تکمیل یقینی بنائی جائے گی۔ ترقیاتی منصوبوں کا فزیکل آڈٹ کرایا جائے گا۔ وزیر اعظم کی زیر صدارت محکمہ لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی کے سالانہ ترقیاتی پروگرام 2022-23کا جائزہ اجلاس جموں کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں ہوا۔موسٹ سینئر وزیر کرنل (ریٹائرڈ) وقار احمد نور، ممبران اسمبلی عبدالماجد خان، چوہدری محمد اکبر ابراہیم جاوید احمد بٹ، سردار اکمل سرگالہ، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی سید شاہد محی الدین قادری، چیف (رورل ڈویلپمنٹ) محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات سید ابرار حید ر گردیزی، چیف (پلاننگ اینڈ مانیٹرنگ)لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی محمد مسعود نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران سالانہ ترقیاتی فنڈ کو خرچ کرنے کیلئے ورک پلان تیار کر کے وزیراعظم کو پیش کرنے کی ہدایت جاری کی گئی۔ اسی طرح لوکل گورنمنٹ ایکٹ کا جائزہ لیکر اس میں بہتری کیلئے تجاویز مرتب کرنے، ایکٹ کے تابع ذیلی قواعد کی فوری تدوین اور دستورالعمل قوانین کا جائزہ لیکر سفارشات مرتب کرنے اور رابطہ کونسل کی قانونی حیثیت کا جائزہ لیکر سفارشات مرتب کرنے اور اس سلسلہےمیں پرنسپل سیکرٹری، سیکرٹری قانون اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ویہی ترقی نے وزیراعظم کو سالانہ ترقیاتی پروگرام اور اے ڈی پی میں مدات کی تخلیق، شمولیت اور منظورے سے متعلق مروجہ طریقہ کار پر بریف کیا۔ وزیراعظم نے رابطہ کونسل برائے دیہی ترقی کے حوالے سے قانونی پہلوؤں پر غور کیا اور ذیلی قواعد کی عدم تدوین پر تحفظات کا اظہار کیا،وزیراعظم نے ترقیاتی فنڈز میں صوابدیدی کوٹے پر بھی تحفظات کا اظہار کیااور اسے ختم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ترقیاتی فنڈکا سوفیصد تصرف یقینی بنایا جائے،ترقیاتی منصوبہ جات کی بروقت اور شفاف تکمیل میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ ترقیاتی منصوبہ جات کا فزیکل آڈٹ کرایا جائے گاتاکہ منصوبہ جات گروانڈ پر نظر آئیں اور عوام ان سے مستفید ہوں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ عوامی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے منصوبہ جات تجویزکیے جائیں