نئی مردم شماری یں ملکی آبادی پونے 24 کروڑ ظاہر

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) ملک بھر میں ساتویں خانہ و مردم شماری کا عمل جاری ہے اور اب تک ہونے والی گنتی کے مطابق پاکستان کی مجموعی آبادی 24 کروڑ کے قریب پہنچ گئی ہے۔ وفاقی ادارہ شماریات کے اب تک کے اعداد و شمار کے مطابق ملکی آبادی 23 کروڑ 74 لاکھ 48 ہزار 241 ہوگئی ہے۔ بلوچستان میں ایک کروڑ ستانوے لاکھ تیرہ ہزار آٹھ سو تئیس افراد کا شمار ہو چکا ہے۔خیبر پختونخواء میں تین کروڑ ترانوے لاکھ پندرہ ہزار آٹھ سوتہتر افراد کو گنا جا چکاہے۔ پنجاب میں گیارہ کروڑ چونسٹھ لاکھ بیالیس ہزار چار سو ننانوے افراد کو گنا جا چکاہے۔سندھ میں پانچ کروڑ اکتالیس لاکھ اڑتیس ہزار چار سوپچاسی افراد کا شمار ہو چکا ہے۔دریں اثنا وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال کی زیر صدارت مردم شماری کے عمل پر جائزہ اجلاس منعقدہوا۔اس موقع پر احسن اقبال نے کہاکہ صوبائی مشینر کے ذریعہ مردم شماری کا عمل جاری ہے۔ ڈیجیٹل سسٹم کی بدولت ڈیٹا تک بروقت رسائی ممکن ہو رہی ہے۔وفاقی وزیر نے تمام صوبائی حکومتوں کی آراء کی روشنی میں ان کے تحفظات کا ازالہ کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ مردم شماری میں ہر شہری کی گنتی لازمی ہے۔ ممبران قومی اسمبلی کو آگاہ کیا گیا کہ سپارکو اور دیگر اداروں کی مدد سے مردم شماری میں شفافیت اور ڈیٹا کی تصدیق کی جارہی ہے۔اجلاس ادارہ شماریات کے ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہوا جس میں ممبران قومی اسمبلی نےبھی شرکت کی۔