سوڈان سے 5 ہزار 197 افراد کو نکال چکے ہیں ، سعودی عرب

سعودی عرب (اُمت نیوز)سعودی وزارت خارجہ نے بتایا ہے کہ اتوار کو سعودی طیارہ کے ذریعہ 45 سعودیوں اور 88 غیر ملکیوں کو سوڈان سے جدہ منتقل کردیا گیا۔ اس طرح انخلا کے سعودی آپریشن میں اب تک 184 سعودیوں سمیت 5 ہزار 197 افراد کو سوڈان سے نکالا جا چکا ہے۔ اس طرح سوڈان سے 5 ہزار 13 غیر ملکیوں کا انخلا کیا گیا ہے۔ ان افراد میں سعودی عرب کے برادر اور دوست ملکوں کے شہری شامل ہیں۔ اتوار کی صبح 45 سعودی شہری اور 36 پاکستانی شہری جدہ کے مغربی سیکٹر میں کنگ عبداللہ ایئر بیس پہنچے جہاں سے انہیں رائل سعودی ایئر فورس کے ایک ٹرانسپورٹ طیارے کے ذریعے نکالا گیا۔
علاوہ ازیں اس سے قبل ’’ الدرعیہ‘‘ بحری جہاز بھی جدہ پہنچا تھا جس میں سلطنت عمان، پاکستان، امریکہ اور نیپال کے 52 شہری سوار تھے۔ واضح رہے گزشتہ دو دنوں کے دوران رائل سعودی ایئر فورس نے لگ بھگ 185 غیر ملکی افراد کا سوڈان سے انخلا ممکن بنایا ہے۔ جن ملکوں کے شہریوں کو نکالا گیا ان میں جنوبی افریقہ، زیمبیا، کینیا، مالی، موزمبیق، نائجیریا، اریٹیریا، برطانیہ، سویڈن، فرانس، نیدرلینڈ، ناروے، امریکہ۔، کینیڈا، آسٹریلیا، لبنان، فلسطین، صومالیہ، پاکستان، تھائی لینڈ، فلپائن، یوگنڈا، چاڈ، تنزانیہ، بینن، انڈونیشیا اور ترکی شامل ہیں۔