کراچی : بلڈنگ افسران نے 15لاکھ رشوت پر دوبارہ تعمیرات شروع کرا دیں

کراچی(رپورٹ:حسام فاروقی)گلشن اقبال بلاک 4میں منہدم کئے جانے والے پلاٹ پر تعمیراتی سر گرمیاں بلڈر کی جانب سے دوبارہ شروع کر دی گئی ہیں۔ جس کی مد میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر نجم قریشی جن کے پاس اضافی ڈپٹی ڈائریکٹر کا چارج بھی ہے کو بلڈر نے 15لاکھ روپے کی رشوت ادا کی ہے۔ غیر قانونی تعمیرات پلاٹ نمبر D52پر کی جا رہی ہے ،جبکہ اس معاملے میں نجم قریشی کے ساتھ ایس بی سی اے کے دیگر دو افسر دانش ناریجو اور آغا غالب بھی مکمل طور پر ملوث ہیں جو کہ رشوت کی رقم بلڈر سے وصول کرکے نجم قریشی تک پہنچاتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق گلشن اقبال بلاک 4اسکیم 24کے پلاٹ نمبر D52پر ایک بار پھر سے بلڈر جاوید اور حبیب نے تعمیراتی سرگرمیاں شروع کر دی ہیں جبکہ اس پلاٹ پر ہونے والی غیر قانونی تعمیرات کو ماضی میں ایس بی سی اے کے عملے نے منہدم بھی کیا تھا ، منہدم ہونے کے بعد بلڈر کی جانب سے کچھ ماہ تو خاموشی اختیار کی گئی مگر اب بلڈر نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر نجم قریشی جن کے پاس مزکورہ علاقے میں ڈپٹی ڈائریکٹر کا چارج بھی موجود ہے سے 15لاکھ روپے میں معاملات طے کرکے منہدم کی جانے والے غیر قانونی تعمیرات کو دوبارہ سے تعمیر کرنا شروع کر دیا ہے۔

واضع رہے کہ مزکورہ پلاٹ پر بلڈر کی جانب سے نیچے دکانیں نکالی جانی ہیں جبکہ بلڈر نے تین منزلہ فلیٹ سائٹ تعمیر کی تھی جس پر ایس بی سی اے کے عملے نے تیسری منزل کی چھتیں کاٹ دیں تھیں اور دوسری منزل کی دیواروں کو توڑا تھا اس کے ساتھ ساتھ نیچے جہاں دکانیں تعمیر ہونا تھیں وہاں بھی بنائی جانے والی دیوار منہدم کی تھی ، جبکہ اب بلڈر نے معاملات طے ہوجانے پر نیچے کا کام مکمل کر لیا ہے اور دوسری منزل پر اندر سے فلیٹوں کو بھی تعمیر کر لیا ہے جبکہ باہر کی دیواریں ایسی ہی چھوڑی ہیں تاکہ دیکھنے میں عمارت منہدم دکھائی دے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بلڈر نے اس معاملے میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر نجم قریشی سے رابطہ کیا ہے اور نجم قریشی نے ایس بی سی اے کے دو افسران دانش ناریجو اور آغا غالب کے زریعے رشوت کی رقم وصول کی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس وقت اسکیم 24کا پورا علاقہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر نجم قریشی نے پٹہ سسٹم سے ٹھیکے پر لے رکھا ہے اور ماہانہ اپنے علاقے سے 3کروڑ روپے سسٹم کے کرتا دھرتاﺅں کو پہنچاتا ہے۔ جبکہ مزکورہ پلاٹ کا جو بلڈر ہے اس کا تعلق بھی ماضی میں ایم کیو ایم لندن سے رہ چکا ہے اور وہ ایم کیو ایم لندن کا حلف یافتہ ذمہ دار تھا جس نے اب دوسری سیاسی جماعت جوائن کر رکھی ہے تاکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہاتھوں محفوظ رہ سکے۔ بلڈر کی جانب سے اب تک جتنی بھی غیر قانونی تعمیرات کی گئی ہیں ان میں سے ایم کیو ایم لندن کی باقیات کو بھی ساﺅتھ افریقہ حصہ پہنچایا گیا ہے اور مزکورہ پلاٹ D52کی تعمیر اور سارے فلیٹوں کے ساتھ دکانیں فروخت ہو جانے پر منافع کی رقم میں سے 25فیصد حصہ ایم کیو ایم لندن کی باقیات کو پہنچایا جائے گا ، نجم قریشی کی جانب سے اسکیم 24کے علاقے کو خلاف ضابطہ تعمیرات کروا کر کنکریٹ کے جنگل میں تبدیل کر دیا گیا ہے اور نجم قریشی کی ہی وجہ سے ہی ماضی میں خوبصورت ترین علاقہ سمجھے جانے والے گلشن اقبال کا انفرا اسٹرکچر بھی تیز رفتاری سے تباہ و برباد ہو کر رہ گیا ہے ، خبر کے سلسلے میں موقف لینے کے لئے اسسٹنٹ ڈائریکٹر نجم قریشی سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی مگر ان سے ر ابطہ ممکن نہیں ہوسکا۔