سعودی عرب میں چھٹیاں منانا میسی کو  مہنگا پڑ گیا

سعودی عرب(اُمت نیوز) سعودی عرب میں چھٹیاں منانا میسی کو مہنگا پڑ گیا ہے۔سعودی عرب میں چھٹیاں منانے پر فرانسیسی کلب پیرس سینٹ جرمین نے اسٹار فٹبالر لیونل میسی کو 2 ہفتے کے لیے معطل کر دیا ہے۔

2021 میں ارجنٹائن کے معروف فٹ بال اسٹار لیونل میسی نے ہسپانوی فٹ بال کلب بارسلونا سے جدا ہونے کے بعد قطری ملکیت کے فرانسیسی کلب پیرس سینٹ جرمین سے دو سال کا معاہدہ کیا تھا۔

گزشتہ سال قطر میں ارجنٹائن کو فٹبال ورلڈکپ جتوانے والے لیونل میسی ان دنوں فیملی کے ہمراہ چھٹیاں منانے سعودی عرب میں موجود ہیں۔

پیر کو سعودی وزیر سیاحت احمد الخطیب نے ٹوئٹر پر لیونل میسی کو سعودی عرب میں خوش آمدید کرتے ہوئے کہا کہ  مجھے سعودی عرب کے سیاحتی سفیر لیونل میسی اور ان کے اہل خانہ کا سعودی میں دوسری چھٹیوں منانے پر خوش آمدید کہتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے ۔

بعد ازاں سعودی وزیر سیاحت احمد الخطیب نے میسی اور ان کے اہل خانہ کی سعودی عرب میں چھٹیاں مناتے ہوئے کچھ تصاویر بھی ٹوئٹر پر اپ لوڈ کیں۔

واضح رہے کہ لیونل میسی سعودی عرب کے وزارت سیاحت کے پروموشنل برانڈ وزٹ سعودی کے سفیر ہیں۔