غرب اردن میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے دو فلسطینی جاں بحق

فلسطین (اُمت نیوز)فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر جنین کے جنوب میں واقعہ قباطیہ کے مقام پر اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے کم سےکم دو فلسطینی شہری جاں بحق ہوگئے۔
ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے نصف شب کے بعد قصبے پر دھاوا بولا جس کے بعد فلسطینی نوجوانوں اور قابض فوج میں پرتشدد جھڑپیں شروع ہوئیں۔
اسی دوران اسرائیلی فورسز نے اریحا میں عقبہ جبر کیمپ پر دھاوا بول دیا۔ اس کے بعد اسرائیلی فورسز نے طوباس پر دھاوا بولا اور شہر میں گرفتاری مہم شروع کی۔
شمالی مغربی کنارے میں طولکرم پناہ گزین کیمپ میں کارکنوں اور اسرائیلی فورسز کے درمیان مسلح جھڑپیں بھی ہوئیں۔
خبر رساں ایجنسی شہاب نے رپورٹ کیا ہے کہ فلسطینی کارکنوں نے قباطیہ قصبے میں اسرائیلی فورسز پر دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد سے حملہ کیا۔ اس دوران زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔
گزشتہ روز کی صبح اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی پر فضائی حملے کیےجن میں اسلامی جہاد کے عسکری کمانڈروں سمیت کم سے کم پندرہ فلسطینی مارے گئے۔