پی ڈی ایم دھرنے کے مقام کا تعین صبح ہوگا، رانا ثناء اللہ

اسلام آباد(اُمت نیوز)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) دھرنے کے مقام کا تعین صبح ہوگا۔
وفاقی وزراء رانا ثناءاللہ اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے رات 10 بجے کے بعد ایک بار پھر اسلام آباد میں جمعیت علماء اسلام کے قائدین سے ملاقات کی۔
وفاقی وزراء نے ایک بار پھر دھرنے کا مقام تبدیل کرنے پر آمادہ کرنے کی کوشش کی۔
رانا ثناء اللہ اور اسحاق ڈار نے جے یو آئی رہنما عبدالغفور حیدری کے ہمراہ میڈیا سے بات چیت کی اور کہا کہ بالکل واضح ہے کل کا مظاہرہ پُرامن ہوگا، کل کے مظاہر ے میں کوئی شر انگیزی نہیں ہوگی۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ آج کے مذاکرات میں کامیاب ہوئے ہیں، دھرنے میں ایک گملا بھی نہیں ٹوٹے گا، وزیر داخلہ مطمئن ہوگئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حال ہی میں دیکھا گیا کہ چند سو کے مجمع نے بڑے بڑے نقصانات کیے، تاریخی تنصیبات کی توڑ پھوڑ شرمناک ہے۔
رانا ثناءاللّٰہ نے کہا کہ دھرنے کی جگہ کا تعین تمام پارٹی سربراہوں کی مشاورت سے ہوا تھا، فی الحال دھرنے کے مقام میں کوئی تبدیلی نہیں لائی جاسکتی، دھرنے کے مقام کا تعین صبح ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان سے ساری اطلاعات پر بات کی ہے، اطلاعات کے مطابق کافی انتظامات کیے ہیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان اس بارے میں پورے بااختیار ہیں، وہ صبح تک مشاورت کے بعد دھرنے کے مقام کا فیصلہ کریں گے۔