آج اہم فیصلے کا دن: انتخابات کرانے کا فیصلہ برقرار رہے یا نہیں؟

اسلام آباد (امت نیوز) پنجاب میں چودہ مئی کو انتخابات کرانے کے عدالتی فیصلے پر نظرثانی کیلئے الیکشن کمیشن کی درخواست پر سپریم کورٹ آج سماعت کرے گی۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کا پنجاب میں 14 مئی کو انتخابات کرانے کا فیصلہ برقرار رہے گا یا نہیں؟؟ فیصلے کا دن آ پہنچا۔الیکشن کمیشن کی نظرثانی درخواست پر سماعت چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ آج کرے گا۔ سپریم کورٹ رولزکے تحت نظرثانی درخواست فیصلہ سنانے والا بینچ ہی سنتا ہے ۔

دلچسپ امریہ ہے کہ 14 مئی کو انتخابات کے فیصلے پردائر ہونے والی نظرثانی درخواست پر سماعت 15 مئی یعنی اس وقت ہوگی جب اس پر عملدرآمد بھی ممکن نہیں ہوگا۔ عدالتی رولز کے مطابق نظرثانی درخواست کا دائرہ کارمحدود ہونے کی وجہ سے منظوری کے امکانات کم جبکہ خارج ہونے کے زیادہ ہیں۔ درخواست کی منظوری کی صورت میں حکومت پر فنڈز اور سیکیورٹی کی عدم فراہمی پر توہین عدالت کی لٹکتی تلوار ہٹ جائے گی۔ درخواست خارج ہوئی تو بھی وقت گزرنے کی وجہ سے انتخابات گزشتہ تاریخ پر نہیں ہوسکیں گے۔

واضح رہے کہ انتخابات ایک ساتھ کرانے کے کیس میں چیف جسٹس آبزرویشن دے چکے ہیں کہ الیکشن کمیشن کی درخواست قابل سماعت نہیں کیونکہ کمیشن نے وسائل ملنے پرانتخابات کیلئے آمادگی ظاہرکی تھی۔