بھاری دل کے ساتھ فیصلہ کرنا پڑا کہ میں اس ایجنڈے کے ساتھ مزید نہیں چل سکتا، فائل فوٹو
بھاری دل کے ساتھ فیصلہ کرنا پڑا کہ میں اس ایجنڈے کے ساتھ مزید نہیں چل سکتا، فائل فوٹو

بلین ٹری سونامی کے بانی کا تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان

اسلام آباد: تحریک انصاف کے رہنما اور بلین ٹرین سونامی کے بانی ملک امین اسلم نے تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کر دیا اور کہاہے کہ تمام شہروں میں فوجی تنصیبات پر پلاننگ کے تحت دھاوا بولا گیا، یہ منظم تھا، بغیر پلاننگ تمام شہروں میں یہ ممکن نہیں تھا، یہ ایک ایسا ایجنڈا ہے جس نے پارٹی کو ہائی جیک کر لیاہے ، اس پارٹی کو اب اس کیلیے جواب دہ ہونا پڑے گا ۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ملک امین اسلم نے کہا کہ کرپشن کے خلاف، میرٹ پر اس خواب کا حصہ تھا جس کیلئے ہم نے پی ٹی آئی کو 13 سال پہلے جوائن کیا، اپنا پورا دل لگا کر خون پسینہ لگا کر جو بھی ہو سکتا تھا میں نے پارٹی کیلئے کیا ، میں نے کوشش کی کہ پارٹی کو ایسا ایجنڈا دیا جائے جس کے ذریعے پاکستان میں موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز سے مقابلہ کریں ۔

گرین ایجنڈے کو زبانی نہیں رکھا بلکہ پارٹی کیلئے 2013 میں گرین ایجنڈا تیار کیا ، اسے لانچ کیا، عمران خان کا شکریہ اداکر تاہوں کہ انہوں نے ہمیشہ عزت دی اور گرین ایجنڈے کی حوصلہ افزائی کی ، اس ایجنڈے کو 2014 میں کے پی میں بلین ٹری سونامی کے ذریعے اپلیمنٹ کر کے دکھایا، 2018 میں گرین ایجنڈے کو وفاقی سطح پر اپلیمنٹ کرنے کی کوشش کی ۔مجھے فخر ہے کہ جس گرین ایجنڈے پر کام کیا اسے پوری دنیا میں سراہا گیا ، اس سے پاکستان کا جھنڈا اونچا ہوا۔

انہوں نے کہاکہ بھاری دل کے ساتھ فیصلہ کرنا پڑا کہ میں اس ایجنڈے کے ساتھ مزید نہیں چل سکتا، یہ ایجنڈا جو لو گ بھی بنا رہے ہیں وہ پارٹی کے خیر خواہ نہیں ہیں، وہ اس پارٹی کو کھائی میں دھکیل دیں گے ، میری سیاست کا مقصد یہ کبھی نہیں رہا، میرا خاندان چار پشتوں سے سیاست میں ہے ، ہم نے ملک کی خدمت کی ہے ، یہ ایک ایسا ایجنڈا ہے جس نے پارٹی کو ہائی جیک کر لیاہے ، اس پارٹی کو اب اس کیلئے جواب دہ ہونا پڑے گا ۔میں پارٹی سے ، اس تحریک سے ، اپنی جوانی اس پارٹی کو دی ، آج یہ تحریک ایک تباہی کی طرف چل پڑی ہے ، جس کا حصہ میں نہیں بن سکتا ، میں نے فیصلہ کیا ہے کہ پی ٹی آئی کو چھوڑ رہاہوں ۔