قومی اسمبلی کا اجلاس صبح 10 بجے پارلیمںٹ ہاؤس میں ہوگا، فائل فوٹو
قومی اسمبلی کا اجلاس صبح 10 بجے پارلیمںٹ ہاؤس میں ہوگا، فائل فوٹو

پی ٹی آئی کے 72 ایم این ایز کے استعفوں کی منظوری کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار

لاہور:لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی اراکین کے استعفوں کی منظوری کا نوٹیفکیشن کالعدم قراردیدیا۔

اسپیکر اورالیکشن کمیشن کی جانب سے پی ٹی آئی اراکین کے استعفوں کی منظوری کا نوٹیفکیشن کالعدم قراردیدیاگیا،جسٹس شاہد کریم نے پی ٹی آئی درخواستوں پر فیصلہ سنایا۔

عدالت نے اسپیکراورالیکشن کمیشن کی جانب سے تحریک انصاف کے اراکنی قومی اسمبلی کے استعفوں کی منظوری کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیتے ہوئے ارکان کو استعفے واپس لینے کے لیے اسپیکر کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کردی، جب کہ اسپیکر قومی اسمبلی کو ارکان سے ملاقات کرکے فیصلہ کرنے کی ہدایت جاری کردی۔

جن اراکین کے استعفوں کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیا گیا ہے ان میں شاہ محمودقریشی، فوادچوہدری، حماد اظہر، ریاض فتیانہ اور شفقت محمود بھی شامل ہیں۔

تحریک انصاف کے سینیٹر علی ظفر نے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے پر ردعمل میں کہاہے کہ ایم این ایز انکوائری میں پیش ہو کر استعفیٰ واپس لیں گے ،عمران خان اپوزیشن لیڈر کے طور پر قوم کیلیے اپنا کردار ادا کریں گے ۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے وکیل اور سینیٹر علی ظفر نے کہاکہ امیدہے سپیکرقومی اسمبلی قانون کے مطابق انکوائری مکمل کریں گے،امید ہے اسپیکر پی ٹی آئی ایم این ایز کو واپس آنے دیں گے۔

یاد رہے کہ پی ٹی آئی کے ریاض فتیانہ، شاہ محمود قریشی، فوادچوہدری، شفقت محمود اور دیگر کی جانب سے استعفوں کی منظوری کیخلاف درخواستیں دائر کی گئی تھیں۔