اسحاق ڈار سے آئی سی سی آئی اور ایس سی سی آئی کے وفد کی ملاقات

اسلام آباد (امت نیوز) وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار سے بدھ کواسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک مشترکہ وفد نے ایف بی آر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ملاقات کی۔ وفد میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن بختاوری، راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ثاقب رفیق اور تینوں چیمبرز کے سینئر اراکین شامل تھے۔ ملاقات کے دوران وزیر خزانہ کے ہمراہ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ، وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے ریونیو طارق محمود پاشا، ریفامرز اینڈ ریسورس موبلائزیشن کمیشن کے چیئرمین اشفاق تولہ، چیئرمین ایف بی آر عاصم احمد، سکریٹری خزانہ امداد اللہ بوسال اور وزارت خزانہ اور ریونیو ڈویژن کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

وفد نے وزیر خزانہ اور اُن کی ٹیم کو تاجر برادری کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا اور آئندہ وفاقی بجٹ میں شامل کرنے کے لئے اپنی تجاویز پیش کیں۔انہوں نے وزیر خزانہ کو یقین دلایا کہ تاجر برادری آئندہ مالی سال کے لئے برآمدات بڑھانے اور ریونیو کے اہداف حاصل کرنے کی حکومتی کوششوں میں بھرپور تعاون کرے گی۔

وزیرخزانہ نے کہا کہ حکومت تاجر برادری کی طرف سے قابل عمل تجاویز کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔کیونکہ وہ ملکی ترقی میں برابر کے شریک ہیں۔ وزیر خزانہ نے وفدکو یقین دلایا کہ حکومت تاجر برادری اور عوام پر مزید بوجھ ڈالے بغیر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کی بھر پور کوششیں کر رہی ہے۔