چیف جسٹس نے آڈیو لیک کمیشن کیخلاف درخواستوں پر لارجر بینچ تشکیل دیدیا

اسلام آباد(امت نیوز)سپریم کورٹ نے آڈیو لیک کمیشن کے خلاف درخواستوں پر لارجر بینچ تشکیل دیدیا۔ چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بینچ کل آڈیو لیک کمیشن کے خلاف درخواست پر سماعت کرے گا۔

چیف جسٹس عمر عطا بندیال جسٹس اعجاز الحسن جسٹس منیب اختر، جسٹس شاہ وحید اور جسٹس حسن اظہر 5 رکنی لارجر بینچ کا حصہ ہوں گے۔

آڈیو لیکس کمیشن کے خلاف پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان، صدر سپریم کورٹ بار عابد زبیری سمیت چار درخواستوں پر کل سماعت کی جائے گی۔

آڈیو لیکس پر جوڈیشل کمیشن بنانے کے خلاف پی ٹی آئی کی جانب سے ایڈوکیٹ بابر اعوان کے توسط سے آئینی درخواست دائر کی گئی ہے جس میں استدعا کی گئی ہے کہ جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کا نوٹی فکیشن کالعدم قرار دیا جائے۔

دوسری جانب سپریم کورٹ بار کے صدر عابد زبیری نے بھی سپریم کورٹ میں آڈیو لیکس کمیشن کا طلبی نوٹس چینلج کیا ہے، اور اپنی درخواست میں وفاق، آڈیولیک کمیشن، پیمرا اور پی ٹی اے کو فریق بنایا ہے۔

عابد زبیری نے درخواست میں مؤقف پیش کرتے ہوئے استدعا کی ہے کہ کسی بھی شہری کی جاسوسی یافون ٹیپنگ نہیں کی جاسکتی، آڈیو لیک کمیشن کا نوٹیفکیشن آرٹیکل 9، 14،18، 19، 25 کی خلاف ورزی ہے، مبینہ آڈیو لیک کمیشن کی تشکیل، احکامات اور کارروائی کو غیر آئینی قرار دیا جائے۔

اسی طرح جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کے خلاف ایک اور درخواست دائر کی گئی ہے جسے درخواست گزار وکیل ریاض حنیف راہی کی جانب سے دائر کیا گیا ہے۔