ترکیہ: اردوان نے مسلسل تیسری بار صدر کا حلف اٹھا لیا

انقرہ(امت نیوز) رجب طیب اردوان نے آئندہ پانچ سال کیلئےمسلسل تیسری بار ترکیہ کے صدر کا حلف اٹھا لیا۔ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں ہونے والی تقریب حلف برداری میں وزیر اعظم شہباز شریف سمیت 20 ملکوں کے سربراہان نے شرکت کی۔انقرہ میں تقریب کے دورن صدراردوان نے بارش میں خودچھتری اٹھاکرپریڈکامعائنہ کیا۔

پہلی تقریب دارالحکومت انقرہ میں ترکیہ گرینڈ نیشنل اسمبلی میں منعقد ہوئی جہاں پراردوان کو صدارتی منصب کی اسناد اور گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ ترکی کی گرینڈ نیشنل اسمبلی کے عبوری اسپیکر کے طور پر نیشنلسٹ موومنٹ پارٹی کے رہنما نے سب سے پہلے صدر اردوان کوسرکاری مینڈیٹ پیش کیا جس کے بعد رجب طیب اردوان نےجنرل اسمبلی میں حلف اٹھالیا۔ تقریب میں نیٹو کے سیکرٹری جنرل، امیر قطر، آذربائیجان کے صدر،روسی پارلیمنٹ کے اسپیکر اور دیگرعالمی رہنما بھی تقریب میں شریک ہوئے۔

صدر اردوان کی تقریب حلف برداری میں امریکا کی نمائندگی سفیر جیفری فلیک جبکہ روس کی جانب سے ریاستی پارلیمنٹ ڈوما کے اسپیکر ویاچسلاوف ولودن نے کی ۔ حلف اٹھانے کے بعد اپنے خطاب میں صدر طیب اردوان نے کہا کہ آئین، قانون اور جمہوری اقدار کی پاسداری کروں گا۔ شرکا کی طرف سے صدراردوان کاپرتپاک خیرمقدم کیاگیا۔ صدرسمیت تقریب کے شرکانے کھڑے ہوکرترکیہ کاقومی ترانہ گایا۔