گوادر ایئر پورٹ کیلئے 83کروڑ91 لاکھ روپے کی منظوری

اسلام آباد(کامرس رپورٹر)اقتصادی رابطہ کمیٹی نے حیدر آباد سکھر موٹروے کے لیے ساڑھے 9 ارب روپے کی حکومتی گرانٹ کی منظوری دیدی۔وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت ہونے والے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں نیوگوادر بین الااقوامی ائیرپورٹ منصوبے کے لیے 83 کروڑ 91 لاکھ روپے کی منظوری بھی دی گئی۔اجلاس میں 49 دوائوں کی زیادہ سے زیادہ ریٹیل قیمت کے تعین کی بھی منظوری دی گئی، اس کے علاوہ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے لیے 12 کروڑ 14 لاکھ روپے کی گرانٹ منظور کی گئی۔ای سی سی کے اجلاس میں ریڈیو پاکستان اور اے پی پی کے لیے 70 کروڑ روپے کی گرانٹ منظور کر لی گئی۔وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں گرانٹ کی منظوری دی گئی جو ملازمین کی تنخواہ اور پنشن کی ادائیگی کے لیے استعمال ہو گی۔ریڈیو پاکستان کے لیے 36 کروڑ روپے جبکہ اے پی پی کے لیے 34 کروڑ روپے کی گرانٹ کی منظوری دی گئی ہے۔اجلاس میں وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار نے ریڈیو پاکستان کے ملازمین کی پنشن کا مسئلہ فوری حل کرنے کی ہدایت بھی کی۔مسئلے کے حل کے لیے کمیٹی بھی قائم کر دی گئی۔وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار نے ہدایت کی کہ ریڈیو پاکستان کے پنشرز کا مسئلہ 3 سے 4 روز میں حل کیا جائے۔یاد رہے کہ ریڈیو پاکستان کے ملازمین نے اپنے مسائل حل نہ ہونے پر احتجاج بھی کیا تھا۔