توانائی بچت پلان: حکومت کا ملک بھرمیں دکانیں رات 8بجے بند کرنےکافیصلہ

اسلام آباد (امت نیوز) توانائی بحران پرقابوپانےکیلئے حکومت نے ملک بھر میں شاپنگ مالز،دکانیں،تجارتی مراکزرات8بجے تک بند کرنےکافیصلہ کرلیا۔ ذرائع کے مطابق قومی اقتصادی کونسل میں پیش کئے گے توانائی بچت پلان میں مارکیٹیں مستقل رات 8 بجے بند کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ فیصلے سے سالانہ 28 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کی بچت ہوگی۔ 28 لاکھ 50 ہزار یونٹ بجلی بچے گی۔

توانائی بچت پلان کے تحت عام بلب کے استعمال پر پابندی کی بھی تجویز ہے، جس کے ذریعے 10 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کی بچت متوقع ہے، عام بلب کے استعمال پر پابندی سے ایک ارب یونٹ بجلی کی بچت ہوگی۔

ذرائع کے مطابق واٹر گیزر کی مد میں 41 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کی بچت کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ حکومت نے ڈسکوز اور گیس کمپنیوں کیلئے لوڈ مینجمنٹ پلان تیار کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے جبکہ قومی انرجی بچت پلان پر عمل درآمد کو بڑا چیلنج قرار دیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی اقتصادی کونسل نے وفاق اور صوبوں کو قومی توانائی بچت پلان پر عملدرآمد کی ہدایت کردی۔