بلاول کی حضرت علی ؓاور شہدائے کربلاؓکے مزارات پرحاضری

کربلا،نجف (امت نیوز) وزیرخارجہ اور پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے دورہ عراق کے آخری روز نجف کا دورہ کیا اور حضرت علی کرم اﷲ وجہہ کے مزار پر حاضری دی ۔ انہوں نے امت مسلمہ کے اتحاد، پاکستان کی سلامتی اور عوام کی خوش حالی کے لئے دعائیں بھی کیں۔

دریں اثناء وزیر خارجہ نے شہداء کربلا کے روضہ مبارک ،گنج شہداء اور حبیب ابن مظاہر کی تربت پر حاضری دی جبکہ روضہ امام عالی مقامؓ پر حاضری کے دوران مناجات پڑھیں اور نماز بھی ادا کی، دریں اثناء بین الحرمین سے ہوتے ہوئے روضہ مولا غازی عباس علمدارؓ پر بھی مناجات پڑھیں اور نماز ادا کی۔

اس موقع پر ندیم افضل چن ، فیصل کریم کنڈی ، سید ناصر حسین شاہ، شرجیل میمن اورمکیش چاولا وزیر خارجہ کے ہمراہ تھے۔ علاوہ ازیں وزیرخارجہ بلاول بھٹونے امام ابوحنیفہؒ کے مزارپربھی حاضری دی اور مسجدامام ابوحنیفہؒ کے مختلف حصوں کادورہ کیا،بلاول بھٹونے مکتبہ فقہ حنفیہ کے مبلغ،عراقی فقہی کونسل کے سربراہ ڈاکٹراحمد حسن سے ملاقات بھی کی۔

وزیرخارجہ نے کربلا کے گورنرنصیف جاسم الخطابی سے ملاقات کی،وزیرخارجہ نے اربعین اورعاشورپرپاکستانی ڈاکٹرزاورپیرامیڈیکس عراق بھیجنے کی پیشکش کی۔ بعد ازاں وزیر خارجہ تین روزہ دورہ عراق مکمل کر کے پاکستان واپس پہنچ گئے ۔ نجف ائیرپورٹ پرعراقی حکام ، پاکستان کے عراق میں سفیر احمد امجد علی اور عراق کے پاکستان میں سفیر حامد لفتا نے الوداع کیا۔