گلشن اقبال عظیم گوٹھ میں چلنے والا غیر قانونی ہائیڈرنٹ بند کرادیا گیا

کراچی ( رپورٹ : سید نبیل اختر ) گلشن اقبال عظیم گوٹھ میں چلنے والا غیر قانونی ہائیڈرنٹ بند کرادیا گیا ۔ ٹینکر اور ثمر پمپ ضبط ، مقدمہ درج کرادیا گیا۔ چیف سیکریٹری سندھ کے احکامات پر اینٹی تھیفٹ سیل نے دوبارہ کارروائی کا آغاز کردیا ۔ تین روز قبل پختون آباد میں واٹر بورڈ عملے پر حملے کے بعد بدھ کی رات گئے آپریشن کیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق واٹر بورڈ کو چیف سیکریٹری سندھ کی جانب سے سخت احکامات ہیں کہ شہر میں پانی کی چوری کی روک تھام کی جائے اور غیر قانونی ہائیڈرنٹ مافیا کے خلاف کارروائی کرکے ان کے خلاف مقدمات درج کرائے جائیں ۔

آپریشن کے دوران پکڑا گیا واٹر ٹینکر
آپریشن کے دوران پکڑا گیا واٹر ٹینکر

اس ضمن میں تین روز قبل اینٹی تھیفٹ سیل کی ٹیم نے منگھوپیر کے علاقے پختون آباد میں آپریشن شروع کیا جس کے نتیجے میں چار غیر قانونی ہائیڈرنٹس مسمار کرکے بڑے سمر پمپس۔ بھی ضبط کیے گئے ۔ مذکورہ آپریشن میں پانچویں ہائیڈرنٹ پر کارروائی کیلئے جانے سے قبل مافیا نے علاقہ مکینوں کو ساتھ ملاکر واٹر بورڈ ٹیم پر حملہ کردیا جس میں اینٹی تھیفٹ سیل کے انچارج سید اظہار ہاشمی اور علاقہ ایکسی این مشتاق زخمی ہوگئے ، مذکورہ آپریشن کے دوران چھ ملازمین ذخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کیلئے روانہ کرنے کے بعد آپریشنل انچارج اینٹی تھیفٹ سیل عامر خان نے منگھوپیر میں حملہ آوروں میں سے ایک شخص عزیز کے منگھوپیر میں واقع دو غیر قانونی ہائیڈرنٹس مسمار کردیے ۔ بعد ازاں آپریشن دو روز کیلئے آپریشن روک دیا گیا تھا ۔ امت کو آپریشنل انچارج اینٹی تھیفٹ سیل محمد عامر خان نے بتایا کہ بدھ کی شب سی ای او واٹر بورڈ انجینئر سید صلاح الدین احمد کی خصوصی ہدایت پر اینٹی تھیفٹ سیل نے پانی چوروں کا گھیرا تنگ کرتے ہوئے گلشن اقبال عظیم گوٹھ میں غیر قانونی ہائیڈرنٹس کے خلاف کاروائی کی گئی ۔کاروائی کے دوران ایک ٹینکر اور سمر پمپ ضبط کر لیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ملزمان کے خلاف مبینہ ٹاؤن تھانہ میں 14A کی دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کرائی گئی ہے۔ جبکہ شہر میں دیگر مقامات پر چلنے والے غیر قانونی ہائیڈرنٹس بھی جلد بند کرادیے جائیں گے۔

 

 

اینٹی تھیفٹ سیل کے انچارج آپریشن عامر خان تفصیلات بتارہے ہیں