بجٹ الفاظ کا ہیرپھیر:وفاق نے کراچی کو لاوارث چھوڑدیا،مرکزی مسلم لیگ

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے تحت کیماڑی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدر فیصل ندیم نے کہا ہےکہ کراچی مسائل کے انبار تلے دب چکا، بجٹ کا پیسہ اشرافیہ کی نذر ہوجاتا، عوام کو سنجیدگی سے سوچنا ہوگا، جلسہ سے سندھ کے صدر عقیل احمد لغاری، کراچی کے صدر احمد ندیم اعوان، جنرل سیکٹری اکرم عادل و دیگر نے بھی خطاب کیا، جلسے میں عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

نائب صدر نے مزید کہا کہ امن وامان، صحت و صفائی،پانی، بجلی و گیس کی عدم دستیابی ہر شہری کا مسئلہ بن چکا، وفاق نے بھی کراچی کو لاوارث چھوڑ دیا، الیکشن کےبعد منتخب سیاستدان غائب ہوجاتے ہیں، حالیہ بجٹ میں بھی عوام کیلئے کچھ نہیں، الفاظ کا ہیر پھیر کرکے بیوقوف بنایا گیا لیکن اب عوام دھوکہ نہیں کھائیں گے، سندھ کے صدر عقیل لغاری کا کہنا تھا کہ ہم خدمت کرکے لوٹ مار اور دھوکے کی سیاست کا رخ تبدیل کریں گے، مایوسیوں کا خاتمہ کریں گے۔ عوام ہمارے شانہ بشانہ کھڑے ہوں۔

کراچی کے صدر احمد ندیم اعوان نے کہا کہ نلوں میں پانی نہیں آتا، ٹینکروں کے زریعے فروخت کیا جارہا، کراچی مسائل کا گڑھ بن چکا، شہر کی روشنیوں کو واپس لائیں گے، سندھ کے جنرل سیکٹری اکرم عادل کا کہنا تھا کہ ہمارے قائدین کا ماضی عوام کے سامنے ہے، عوام خدمت گزار قیادت کو منتخب کریں تاکہ عوام کے مسائل حل ہوں۔