بائپر جوائے، کراچی کے ساحلی علاقوں میں سمندر کے پانی کی سطح میں اضافہ

 

کراچی (اُمت نیوز) ممکنہ سمندری طوفان بائپر جوائے کے پیش نظر کراچی کے ساحلی علاقوں میں سمندر کے پانی کی سطح میں اضافہ ہوگیا۔
چشمہ گوٹھ میں سمندر کے پانی میں مسلسل اضافے کے پیش نظر پانی چشمہ گوٹھ کی سڑک کنارے تک پہنچ گیا اور دوسری جانب رہائشیوں نے تاحال گھر خالی نہیں کئے ہیں۔
ایک ماہی گیر نے بتایا کہ ریڑھی گوٹھ جیٹی میں پانی کی سطح میں اضافہ ہو جاتا ہے، شام کے اوقات میں جیٹی کا کچھ حصہ زیر آب آجاتا ہے۔
این ڈی اے حکام کے مطابق طوفان بائپر جوائے کے باعث سمندر میں 30 سے 40 فٹ اونچی لہریں اٹھنے لگی ہیں تاہم فی الحال طوفان کا رخ بھارتی گجرات کی طرف ہے۔
دوسری جانب محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ طوفان کے زیرِ اثر کراچی میں آج موسم مرطوب اور گرم رہنے کا امکان ہے، آج شہر میں گرد آلود ہوا چل سکتی ہے اور دوپہر یا شام میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان بھی ہے۔