فائل فوٹو
فائل فوٹو

اقتصادی بحران کے دوران چین سے ایک ارب ڈالر پاکستان کو موصول

اسلام آباد (امت نیوز)ملک کے اقتصادی بحران کے دوران چین نے ایک مرتبہ پھر دوستی کا حق ادا کرتے ہوئے پاکستان کو ایک ارب ڈالر دے دیئے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے تصدیق کی گئی ہے کہ چین کی جانب سے ایک ارب ڈالر پاکستان کو مل چکے ہیں۔

ترجمان اسٹیٹ بینک کے مطابق چین سے موصول ایک ارب ڈالر کمرشل قرضہ ہے،رقم موصول ہونے کے حوالے سے کنفرم ہو گیا، رقم اکاؤنٹ میں آگئی۔

خیال رہے کہ پاکستان نےرواں ہفتےچائنیزڈویلپمنٹ بینک کوپیشگی ادائیگی کی تھی، 1ارب ڈالرزموصول ہونے کے حوالے سے وزیر خزانہ نے بتایا تھا۔

واضح رہے کہ پاکستان کو عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے قرض کے حصول کے لیے بھی چین نے پاکستان کا ہر ممکن ساتھ دیا ہے۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے بتایا کہ چین کو ادا کیا گیا ایک ارب ڈالر قرض آج یا پیر تک واپس مل جائے گا، اس رقم کے علاوہ بینک آف چائنا کے ساتھ بھی 30 کروڑ ڈالر پر بات چیت چل رہی ہے، چین کے سواپ معاہدے کے تحت بھی ڈالرز آئیں گے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ بجٹ اسٹریٹجی پیپر میں تاخیرکی وجہ عالمی مالیاتی ادارے کے ساتھ بات چیت میں تاخیر تھی، آئی ایم ایف نے بیرونی فنانسنگ کی شرط رکھی ہے، جسے پورا کر رہے ہیں اور تمام انتظامات کردیے گئے ہیں، پاکستان کے پاس ایک گیس پائپ لائن کا اثاثہ 50 ارب ڈالر کا ہے، جب کہ ریکوڈک سے 6 ہزار ارب ڈالرحاصل کیے جاسکتے ہیں۔