کراچی کو 171 ارب کی ٹارگٹڈ سبسڈی دیں گے،خرم دستگیر

کراچی(اے پی پی) وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر نے کہا ہےکہ حکومت کراچی کے شہریوں کو ریلیف دینے کیلئے نئے مالی سال میں 171 ارب ٹی ڈی ایس کے طور پر مختص کرے گی، کے الیکٹرک صارفین کو بجلی نرخوں میں نمایاں ریلیف ملے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب میں کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ آئی ایم ایف شرائط سے ٹی ڈی ایس پر اثر نہیں پڑے گا، یہ ٹارگٹڈ سبسڈی ہے۔ وزارت بل ادا کرنے والے صارفین کی مشکلات کم کرنے کیلئے ٹرانسفارمرز کی سطح پر مائیکرو لوڈ مینجمنٹ کی پالیسی وضع کررہی ہے، اسٹیک ہولڈرز کو مل بیٹھ کر مسئلے کو حل کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ سی سی آئی میں پیش کیا جائے گا، اصولی فیصلے کے بعد ڈسکوز کے اثاثوں کا تخمینہ لگایا اور مزید کارروائی کی جائے گی۔ وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ حکومت کے پاس کے الیکٹرک میں 24 فیصد شیئرز ہیں، حکومت نے نہ تو کے الیکٹرک میں اپنے حصص فروخت کئے اور نہ ہی مزید حصص خریدے۔

صارفین کے حقوق اور مفادات کا تحفظ اولین ترجیح ہے، کے الیکٹرک کی تنظیم نو شفاف طریقے سے کی جائے گی۔ ایک کمیٹی کے الیکٹرک، ایس ایس جی سی اور حکومت کے درمیان معاملات طے کرنے کیلئے کام کررہی ہے۔ اب تک 90 فیصد مفاہمت ہوچکی۔