امریکی وزیر خارجہ کی چینی ہم منصب سے ساڑھے 5 گھنٹے طویل ملاقات

چین(اُمت نیوز)امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے اپنے دو روزہ دورۂ چین میں اپنے چینی ہم منصب سے ساڑھے پانچ گھنٹے کی طویل ملاقات کی، پیر کو انٹونی بلنکن کی چینی صدر شی جن پنگ سے بھی ملاقات متوقع ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق چینی وزیر خارجہ چن گانگ نے انٹونی بلنکن سے بیجنگ کے سرکاری گیسٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔
امریکی محکمۂ خارجہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ کی وفود کی سطح پر ملاقات ساڑھے 5 گھنٹے جاری رہی، ملاقات کے بعد انٹونی بلنکن عشائیہ میں شرکت کے لیے چلے گئے۔
آج انٹونی بلنکن چین کی خارجہ پالیسی کے اعلیٰ عہدیدار وانگ ای سے بھی ملیں گے۔
انٹونی بلنکن چینی حکام سے دوطرفہ تعلقات میں بہتری اور تجارتی تنازعات پر بات کریں گے۔
دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ کا ایک بیان میں کہنا ہے کہ بلنکن کی چینی وزیر خارجہ سے واضح، ٹھوس اور معیاری بات چیت ہوئی ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق بلنکن نے مواصلات کے چینلز کھلے رکھنے پر زور دیا، دونوں رہنماؤں نے مشترکہ بین الاقوامی مسائل پر تعاون کے مواقع پر بھی گفتگو کی۔
امریکی وزیر خارجہ بلنکن نے رابطوں کے تسلسل کیلئے چینی وزیر خارجہ کو واشنگٹن آنے کی دعوت بھی دی۔
امریکی محکمہ خارجہ نے بتایا کہ چینی وزیر خارجہ نے مناسب وقت پر امریکا آنے کی حامی بھری ہے۔
واضح رہے کہ انٹونی بلنکن چین کا دورہ کرنے والے بائیڈن انتظامیہ کے پہلے اعلیٰ عہدیدار ہیں۔