آج سے مناسکِ حج کا آغاز،منٰی میں خیمہ بستی آباد،کل وقوف عرفہ ہوگا

مکہ مکرمہ (نیٹ نیوز)منی میں خیموں کا شہر آباد ہوگیا، مناسکِ حج کا آغاز آج پیر سے ہوگا۔ فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے دنیا بھر سے عازمین حج کے مکہ مکرمہ پہنچ گئے ہیں ۔ 20لاکھ سے زائد عازمین حج کی سعادت حاصل کریں گے۔ منی میں خیموں کا شہر آباد ہوگیا۔ عازمین کل منگل 9 ذو الحج کو وقوفِ عرفہ کیلئے عرفات روانہ ہوں گے۔فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے پاکستان سے بھی عازمینِ حج کی بڑی تعداد موجود ہے۔ شیخ ڈاکٹر یوسف خطبہ حج دیں گے۔

لاکھوں عازمین حج نے بیت اﷲ شریف کا طواف قدوم کرلیا ہے، یہ طواف حرم شریف میں آمد کا طواف بھی کہلاتا ہے، دنیا بھر کی تمام قومیتوں کے ہزاروں عازمین مکہ مکرمہ کی سڑکوں پر بھی موجود ہیں۔سفید رنگ کے احرام میں حجاج کرام نے خانہ کعبہ کا طواف کیا۔ سعودی حکام کے مطابق جمعہ کے دن تک دنیا بھر سے 1.6 ملین عازمین سعودی عرب پہنچ گئے تھے۔ سعودی حکام کو توقع ہے کہ رواں برس حج میں 160 ملکوں سے 20 لاکھ سے زیادہ عازمین حج ادا کریں گے۔ مکہ مکرمہ میں معمر خاتون کو دل کا دورہ پڑ گیا۔

70 سال خاتون کی حالت انتہائی بگڑ گئی۔ اس موقع پر سعودی طبی عملہ نے مداخلت کی اور بزرگ خاتون کی اوپن ہارٹ سرجری کرکے اس کی جان بچا لی۔میڈیارپورٹس کے مطابق حج کے لیے آنے والی خاتون نے اوپن ہارٹ سرجری کے بعد اپنے احساسات بیان کرتے ہوئے کہا کہ اﷲ کا شکر ہے کہ میرا حج ضائع نہیں ہوا۔ رندھی ہوئی آواز اور آنکھوں سے بہتے موٹے آنسوں کے ساتھ خاتون نے دستیاب سہولتوں پر سعودی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔

مکہ مکرمہ میں المسجد الحرام میں زائرین کو منظم کرنے اور انتظامات کرنے میں شریک بریگیڈیئر جنرل فہد السبیعی نے کہا ہے کہ ہمارے پاس تیزی سے مداخلت کرنے والی فورسز ہر طرح سے تیار اور جدید ترین ٹیکنالوجی اور آلات سے لیس ہیں۔ خصوصی ملٹری فوج کے افراد مغربی صحن کی توسیع، ابراہیم الخلیل سٹریٹ اور دیگر مقامات پر موجود ہیں۔ گرمی کی شدت کو مد نظر رکھتے ہوئے سعودی وزارت صحت نے ہیٹ سٹروک کے مریضوں کے لیے 217 بیڈز مختص کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ان میں سے 166 بیڈز مقدس مقامات کے ہسپتالوں میں اور 51 مکہ مکرمہ میں موجود ہوں گے۔ مزید ایک ہزار سے زیادہ مسٹ فینز بھی فراہم کردیے ہیں۔

پانی کی پھوار پھینکنے والے یہ پنکھے گرمی کے دبا اور سن سٹروک کے معاملات سے نمٹنے کے لیے کارآمد ثابت ہوئے ہیں۔ نئے ہجری سال کے لیے غلاف کعبہ تیار کرلیا گیا۔ہجری سال 1445 کے آغاز پر تبدیلی کے لیے نیا غلاف کعبہ تقریبا مکمل کرلیا گیا ہے۔ غلاف کعبہ کی تیاری میں 670 کلو گرام خالص ریشم استعمال کیا جاتا ہے جبکہ موٹائی 98 سینٹی میٹر ہوتی ہے۔ غلاف کعبہ کی اونچائی 14 میٹر ہے۔