نیٹوجنرل سیکرٹری کی ترکیہ کویورپی یونین میں شامل کرنے کی حمایت

استنبول (مانیٹرنگ ڈیسک)معاہدہ شمالی اوقیانوس کی تنظیم نیٹو کے سیکریٹری جنرل جینز اسٹولٹن برگ نے ترکیہ کی یورپی یونین کی رکنیت کے حصول کی حمایت کردی ہے ۔ ترک صدر رجب طیب ایردوان نے اپنے ملک کی یورپی یونین میں شمولیت کے بدلے ہی میں سویڈن کی نیٹو میں رکنیت کی کوشش کی توثیق کرنے کا اعلان کیا ہے۔اس حوالے سے جب اسٹولٹن برگ سے سوال پوچھا گیا تو انھوں نے کہا کہ میں ترکیہ کے یورپی یونین کا رکن بننے کے عزائم کی حمایت کرتا ہوں۔اس کے بعد انھوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ سویڈن نے ترکیہ کے دہشت گردی سے متعلق تمام خدشات کو دور کردیا ہے اور ہمیں یہ یاد رکھنے کی ضرورت ہے کہ ہم نے میڈرڈ میں (گذشتہ سال کے سربراہ اجلاس میں) جن شرائط پر اتفاق کیا تھا،وہ مطالبات کی ایک مخصوص فہرست تھی جو سویڈن کو اتحاد کا مکمل رکن بننے کے لیے پورا کرنا تھی اور سویڈن نے ان شرائط کو پورا کیا ہے اور یہ ہتھیاروں کی برآمدات پر پابندیوں کو ہٹانے کے بارے میں ہے۔قبل ازیں ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا کہ وہ نیٹو کے سربراہی اجلاس میں کہیں گے ان کے ملک کی یورپی یونین کی رکنیت کے لیے راہیں کھولیں تاکہ ترکیہ سویڈن کی نیٹو رکنیت کی راہ ہموار کر سکے۔ترک خبر رساں ادارے ٹی آر ٹی کے مطابق نیٹو سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے لتھوانیا کے دارالحکومت ولنیئس روانگی سے قبل اردوان نے استنبول میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ میں ان ممالک کو پکار رہا ہوں جنھوں نے ترکیہ کو 50 سال سے زیادہ عرصے سے یورپی یونین کے دروازے پر انتظار میں رکھا ہوا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پہلے آپ ترکیہ کی یورپی یونین کے لیے راہیں ہموار کریں اور اس کے بعد ہم سویڈن کے لیے راہیں کھولیں گے جیسا کہ ہم نے فن لینڈ کے لیے کیا تھا۔

ترکیہ