متحارب گروپوں نے ہلاکتوں کی ذمے داری ایک دوسرے پرعائد کی ہے۔ فائل فوٹو
متحارب گروپوں نے ہلاکتوں کی ذمے داری ایک دوسرے پرعائد کی ہے۔ فائل فوٹو

 سوڈان میں گھمسان کی جنگ، گولہ باری سے 34 افراد جاں بحق

خرطوم: سوڈان میں فوج کے دو متحارب گروپوں کے درمیان گھمسان کی جنگ میں ایک پُرونق بازار زد میں آگیا جس کے نتیجے میں 34 افراد جاں بحق ہوگئے۔

العربیہ نیوزکے مطابق سوڈان میں فوج اور نیم فوجی دستے کے دوران ہونے والی جھڑپیں تاحال جاری ہیں۔ ام درمان کے علاقے کے قبضے کے لیے سرکاری فوج اور باقی فوجی دستے کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔ الملجہ مارکیٹ میں گولہ باری میں بچوں سمیت 34 افراد جاں بحق ہوگئے۔

جاں بحق ہونے والوں میں زیادہ تر تاجر اور ٹرانسپورٹ گاڑیوں کے ڈرائیورز شامل ہیں۔ فوج کے دونوں متحارب گروپوں نے ہلاکتوں کی ذمے داری ایک دوسرے پرعائد کی ہے۔

رواں برس 15 اپریل سے سوڈان میں جنرل عبدالفتاح البرہان کی قیادت میں سرکاری فوج اور محمد حمدان دقلو المعروف”حمیدتی” کی قیادت میں نیم فوجی دستے ’’ریپڈ سپورٹ فورسز‘‘ کے درمیان لڑائی جاری ہے جس میں اب تک 2 ہزار 800 سے زائد افراد ہلاک اور 28 لاکھ سے زیادہ لوگ بے گھر ہوگئے۔