پرویز خٹک کی پارٹی کا نام اورجھنڈے کا ڈیزائن سامنے آگیا

اسلام آباد: سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک کی جانب سے اپنی الگ جماعت ”پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرینز“ کے نام سے میدان میں لانے کے سلسلے میں تیاریاں جاری ہیں جس کیلئے پارٹی کے نام اور جھنڈے کا انتخاب کرلیا گیا ہے،

ذرائع کے مطابق سابق وزیراعلیٰ کی جانب سے اپنی الگ جماعت کے قیام کے سلسلے میں اسلام آباد اور پشاور میں اہم شخصیات کے ساتھ ملاقاتیں ہوچکی ہیں اور مشاورت کا سلسلہ بدستور جاری ہے، سابق وزیراعلیٰ مسلم لیگ (ن) کے ساتھ رابطوں کے علاوہ اپنی الگ جماعت کو میدان میں لانے کے لیے بھی تیاری کیے ہوئے ہیں،ذرائع کا کہنا ہے کہ پرویز خٹک کسی دوسری پارٹی میں شامل نہ ہونے کی صورت میں اپنی الگ پارٹی کے قیام کا اعلان کردیں گے جس کے لیے انہوں نے پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرینز کے نام کا انتخاب کیا ہے، اس سلسلے میں نئی پارٹی کے لیے سبز اور سفید رنگ پر مشتمل پارٹی جھنڈے کا انتخاب کیا گیا ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ سابق وزیراعلیٰ رواں ہفتے کے دوران حتمی طور پر فیصلہ کرسکتے ہیں جس میں وہ اگر کسی دوسری پارٹی میں شامل نہ ہوئے تو اپنی الگ پارٹی کے قیام کا باقاعدہ اعلان کردیں گے جس کے لیے وہ سابق اراکین پارلیمنٹ کے ساتھ رابطوں میں ہیں جبکہ بعض دیگر سیاسی شخصیات کے ساتھ بھی ان کے رابطے جاری ہیں۔