9 مئی کےکرداروں کومعاف نہیں کیاجاسکتا،وزیرداخلہ

فیصل آباد : وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ سانحہ نو مئی کے تمام کردار اپنے منطقی انجام کو پہنچیں گے، نو مئی کے واقعات میں سرکاری املاک کو شدید نقصان جبکہ یادگار شہداء کا تقدس پامال کیا گیا،بھلا ایسے شرپسند عناصر کو کیسے معاف کیا جاسکتا ہے جو اپنے مفادات کے لئے ملکی مفاد داؤ پر لگادیں۔

گزشتہ روز وفاقی وزیر داخلہ نے فیصل آباد کے علاقے چک 4 رام دیوالی میں سوئی گیس منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہا کہ ہمارے چار سالہ دور اپوزیشن میں پی ٹی آئی حکومت نے ملکی معیشت کا بیڑا غرق کر دیا، انہوں نے صرف ذاتی عناء کی تسکین کیلئے دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ مشترکہ پلیٹ فارم پر متحد ہونے کی بجائے ملکی معیشت پر نئے نئے تجربات کئے جس کا نتیجہ آج پوری قوم کے سامنے ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے چار سال میں صرف الزام تراشی کی اور اپنے سیاسی مخالفین پر جھوٹے مقدمات درج کرائے ،تبدیلی کے دعویداروں کے چہرے کھل کر سب کے سامنے آگئے ہیں اور قوم جنرل الیکشن میں ان سے چار سالہ کارکردگی کا حساب لے گی۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن جب بھی اقتدار میں آئی اس نے ملک میں بڑے بڑے ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کیا تا کہ ملک کو ایک ترقی یافتہ اور خوشحال ریاست بنایا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ 2018میں ملک تیزی سے ترقی کررہا تھا مگر افسوس کہ ایک سازش کے تحت مسلم لیگ کی حکومت کو گرایا گیا اور عمران خان کو قوم پر مسلط کیا گیا جس نے ملک میں سوائے نفرت کا بیج بونے کے اور کچھ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی70 سالہ تاریخ میں پہلی بار عمران فتنہ ملک پر مسلط کیا گیاجس نے اپنے آپ کو فرشتہ اور باقی سب کو چور کہا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے دور حکومت میں میاں شہباز شریف نے چارٹر آف اکانومی کی بات کی تھی اور بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ عمران خان قدم بڑھاؤ ہم تمہارے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں ہمیشہ کہتا رہا کہ عمران خان ایک فتنہ ہے، اگر اس کا وقت پر تدارک نہ کیا گیا تو یہ ملک و قوم کو کسی حادثے سے دوچار کردے گا، اللہ کا شکر ہے کہ قوم تو حادثے سے بچ گئی مگر اس کی پارٹی اور یہ خود حادثے کا شکار ہوگیا۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ آئندہ انتخابات میں ملکی ترقی اور سیاسی جماعتوں کی کارکردگی کو سامنے رکھ کر قیادت کا انتخاب کریں تاکہ ملکی ترقی و خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے دہشتگردی و لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ اور ملکی تعمیر و ترقی کو ترجیح دی، ہم نے ہمیشہ ذاتی مفادات کو بالائے طاق رکھ کر ملکی مفاد کیلئےسوچا ،اگر قوم نے مسلم لیگ ن کو آمدہ انتخابات میں جتوایا تو ایک بار پھر خوشحالی کا دور واپس لوٹے گا۔