شکیل آفریدی کے بدلے عافیہ کو رہا کیا جائے، بریڈ شرمین

واشنگٹن : امریکی کانگریس کے رکن بریڈ شرمین نے ڈاکٹر شکیل آفریدی کی رہا ئی کے بدلے ڈاکٹر عافیہ کو رہا کرنے کی تجویز دی ہے ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے بدلے ڈاکٹر شکیل آفریدی کو پاکستانی جیل سے نکالنے کی تجویز رواں ہفتے کے شروع میں جنوبی اور وسطی ایشیائی خطے کے لئے 2024 کے بجٹ پر ایوان کی خارجہ امور کی کمیٹی کی سماعت کے دوران سامنے آئی جب امریکی کانگریس کے رکن بریڈ شرمین نے محکمہ خارجہ کی عہدیدار سے مکالمہ کیا۔ بریڈ شرمین 26 جولائی کو پاکستان میں جمہوریت اور انسانی حقوق پر سماعت کریں گے۔

علاوہ ازیں کمیٹی کے اجلاس میں امریکی محکمہ خارجہ نے عزم کیا ہے کہ ڈاکٹر شکیل آفریدی کو پاکستانی جیل سے نکالنے کے لئے نئے راستے تلاش کرنا ہوں گے۔سماعت کے دوران تمام قانون سازوں نے پاکستان کے سیاسی اور معاشی مسائل پر تبادلہ خیال کیا جہاں الزبتھ ہورسٹ اور ڈاکٹر مائیکل شیفر سے پوچھا گیا کہ ان مسائل کو حل کرنے میں مدد کے لئے جو بائیڈن انتظامیہ کیا کر رہی ہے۔الزبتھ ہورسٹ نے کہاہمارا پختہ یقین ہے کہ ایک خوشحال، جمہوری اور انسانی حقوق کا احترام کرنے والا پاکستان امریکی مفادات کے لئے اہم ہے۔