تاریخ میں پہلی بار امریکی بحریہ کی کمان ایک خاتون کے سپرد

امریکہ (اُمت نیوز)صدر جو بائیڈن نے تاریخ میں پہلی بار امریکی بحریہ کی کمان ایک خاتون کے ہاتھ میں سونپتے ہوئے ایڈمرل لیزا فرنچیٹی کو بحریہ کی سربراہ کے طور پر منتخب کیا ہے۔
یہ ایک تاریخی تقرری ہے جس سے ایڈمرل لیزا امریکی بحریہ کی تاریخ میں اس عہدے پر فائز ہونے والی پہلی خاتون ہوں گی اور سی این این کے مطابق پہلی خاتون جوائنٹ چیفس آف اسٹاف بھی ہوں گی۔
ایڈمرل لیزا فرنچیٹی اس وقت بحریہ کے آپریشنز کی نائب سربراہ کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں، ان کی کیرئیر کی ایک شاندار تاریخ ہے۔
ایڈمرل لیزا نے 1985 میں بحریہ میں کمیشن حاصل کیا تھا اور اس کے بعد انہوں نے مختلف اہم کردار ادا کیے، جن میں یو ایس نیول فورسز کوریا کی کمانڈر، ڈپٹی چیف آف نیول آپریشنز فار وار فائٹنگ ڈیولپمنٹ، اور ڈائریکٹر برائے حکمت عملی، منصوبہ بندی، اور جوائنٹ اسٹاف کی پالیسی شامل ہیں۔
اس کے علاوہ، انہوں نے دو کیریئر اسٹرائیک گروپس کی کمانڈ بھی کی ہے اور ستمبر 2022 میں نائب CNO کا کردار سنبھالا تھا۔
صدر بائیڈن نے ایڈمرل لیزا فرنچیٹی کی بحریہ کی اگلے سربراہ کے طور پر تقرری پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک کمیشنڈ آفیسر کے طور پر 38 سالہ شاندار مدت، بشمول بحریہ کے نائب سربراہ کے طور پر ان کا موجودہ عہدہ، ایڈمرل فرنچیٹی کی قوم کی خدمت کے لیے لگن قابل تعریف ہے۔
بائیڈن کے مطابق، اپنے شاندار کیریئر کے دوران ایڈمرل فرنچیٹی نے آپریشنل اور پالیسی دونوں معاملات میں قابل ذکر مہارت کا مظاہرہ کیا ہے۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ اپنے کارناموں کے ثبوت کے طور پر انہوں نے فور اسٹار ایڈمرل کا باوقار عہدہ حاصل کیا ہے، جس سے وہ امریکی بحریہ کی تاریخ میں اس عہدے تک پہنچنے والی دوسری خاتون ہیں۔