اب صرف 10 منٹ چارجنگ میں 1500 کلومیٹر کا سفر ہوگا

جا پان(اُمت نیوز)جاپانی کار ساز کمپنی ”ٹویوٹا“ نے ایک نئی الیکٹرک وہیکل (EV) بیٹری بنانے کا اعلان کیا ہے جو ایک بار چارج کرنے پر 1500 کلومیٹر (932 میل) تک سفر کر سکتی ہے۔

اس لیتھیم آئرن فاسفیٹ (ایل ایف پی) بیٹری کو ”سالڈ اسٹیٹ بیٹری“ کہا جاتا ہے اور امید ہے کہ یہ 2027 تک تجارتی استعمال کے لیے دستیاب ہوگی۔

اس بیٹری کو صرف 10 منٹ میں چارج کیا جا سکتا ہے۔

ٹویوٹا نے ایک ٹیکنالوجی بریفنگ میں کہا کہ ’گاڑی کے آپریٹنگ سسٹم میں جدت کے ساتھ، مستقبل کی اس بیٹری سے الیکٹرک گاڑی کی ڈرائیونگ کے احساس کو اپنی مرضی کے مطابق بنایا جا سکے گا، جس میں تیز رفتاری، موڑنے اور رکنے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔‘

ٹویوٹا کے مطابق بیٹری ٹیکنالوجی میں حالیہ کئی پیش رفتوں کا مطلب ہے کہ کمپنی تحقیقی مرحلے سے اب سالڈ اسٹیٹ بیٹریوں کی پیداوار کی طرف جانے کے لیے تیار ہے، جس کے فوائد اس وقت کمرشل الیکٹرک کاروں میں استعمال ہونے والی لیتھیم آئن بیٹریوں سے زیادہ ہیں۔

لیتھیم آئن بیٹریوں کی رینج اور چارجنگ کی حد کے باوجود، لاگت اور استحکام کے مسائل کی وجہ سے انہیں سالڈ اسٹیٹ بیٹریوں پر ترجیح دی گئی ہے۔

تاہم، ٹویوٹا نے دعویٰ کیا ہے کہ ایک تکنیکی پیش رفت نے ان مسائل پر قابو پا لیا ہے۔

ٹویوٹا نے کہا کہ لیتھیم آئرن فاسفیٹ بیٹریاں بھی لیتھیم آئن اور سالڈ اسٹیٹ بیٹریوں کے کم لاگت متبادل کے طور پر تیار کی جائیں گی۔