مصر ،بس میں آتشزدگی،22 افراد زخمی

مصر(اُمت نیوز)مصر میں ایک بس میں آگ لگنے سے 18 سوڈانی باشندوں سمیت 22 افراد زخمی ہوگئے ہیں
تفصیلات کے مطابق حادثہ جنوبی مصر میں بحیرہ احمر کی گورنری میں شلاتین روڈ پر پیش آیاہے جس میں بائیس افراد زخمی ہوئے ہیں۔
مصری حکام کو شلاتین ابو رماد روڈ پر ایک مسافر بس میں آگ لگنے کی اطلاع ایمرجنسی آپریشن روم سے موصول ہوئی۔ فوری طور پر آگ پر قابو پانے اور مسافروں کو بچانے کے لیے متعدد ایمبولینسز اور فائر فائٹنگ فورسز کو روانہ کردیا گیا۔
حادثے میں زخمی ہونے والوں کی کل تعداد 22 ہو گئی ہے۔ زخمی ہونے والوں میں 18 سوڈانی بھی شامل ہیں۔ زخمیوں کو شلاتین مرکزی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔ واقعہ کا ضروری ریکارڈ جاری کر دیا گیا اور متعلقہ حکام کو تحقیقات کے لیے مطلع کر دیا گیا۔