سویڈن، ڈنمارک کے سفیروں کو اسلام آباد سے نکالا جائے، سراج الحق

لاہور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے سویڈن اور ڈنمارک کے سفیروں کو اسلام آباد سے نکالا جائے۔ یورپی ملکوں میں ایک ماہ کے دوران قرآن کریم کی بے حرمتی کے تین واقعات ہوئے، شعائر اسلام کی توہین کرکے پونے دو ارب مسلمانوں کی غیرت ایمانی کو چیلنج کیا جا رہا ہے۔ مغرب دنیا کا امن تباہ کرنا چاہتا ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا اقوام متحدہ توہین مذاہب کے خلاف سخت قوانین پاس کرے۔

او آئی سی اسلامو فوبیا روکنے کے لیے لفظی بیانات کی بجائے عملی اقدامات کرے۔ اسلامی ممالک کے حکمران امت کے جذبات کی ترجمانی نہیں کر رہے، خاموشی توڑی جائے، واقعات میں ملوث ممالک کا سفارتی وتجارتی بائیکاٹ کیا جائے۔ علاوہ ازیں جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر د مشتاق خان اورسیکرٹری جنرل راجہ جہانگیر خان نے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا ہے نریندر مودی استعماری ہتھکنڈوں سے تحریک آزادی کشمیر کو دبا نہیں سکتا ،جماعت اسلامی صبح آزادی تک پشتیبانی کا حق ادا کرتی رہے گی۔

جماعت اسلامی کو جب اقتدار ملا تو تحریک آزادی کشمیر کو ترجیح اول بنا کر نریندرمودی کے چنگل سے کشمیرکو آزاد کروائے گی اور پاکستان کو اسلامی اور خوشحال بنائے گی ۔ ڈاکٹر مشتاق خان نے تحریک آزادی کشمیر اور آزاد جموں وکشمیر کی صورت حال سے آگاہ کیا اور کہاپوری یکسوئی کے ساتھ سیاسی اور دعوتی عمل میں آگے بڑھیں گے جماعت اسلامی ہی واحد آپشن ہے ساری پارٹیاں اور نظام فیل ہوچکے ہیں۔