سندھ اسمبلی:جی ڈی اے کا اپوزیشن لیڈر کیلئے رعنا انصارکی حمایت کا اعلان

کراچی: جی ڈی اے نے سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کیلئے ایم کیو ایم پاکستان کی امیدوار کی حمایت کا اعلان کردیا، رعنا انصار نقوی ایم کیو ایم اور جی ڈی اے کی مشترکہ امیدوار ہوں گی، رہنماوں نے کہا کہ اتحاد سندھ کی محرومیوں اور پیپلز پارٹی کے اقتدار کے خاتمے تک برقرار رہے گا، زرداری سندھ کا مودی ہے، 2018 کے نتائج دہرانے نہیں دیں گے،اس بات کا اعلان متحدہ اور جی ڈی اے رہنماوں صفدر علی عباسی، سردار عبدالرحیم، فاروق ستار، مصطفیٰ کمال و دیگر نے فنکشنل لیگ ہاوس میں مشترکہ پریس بریفنگ میں کیا۔

جنرل سیکریٹری جی ڈی اے صفدر علی عباسی نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر کیلئے ایم کیو ایم کے ساتھ ہیں، توقع ہے رعنا انصار سندھ کیلئے اہم کردار ادا کریں گی، پیپلز پارٹی نے کراچی کو تباہ کردیا،کوشش ہے منصفانہ اور آزادانہ الیکشن ہوں، 2018 میں کالک سندھ میں ملی گئی، اب وہ دھونے کا وقت ہے، زرداری مافیا اب پریشر میں ہے، یہ سندھ کا مودی ہے، اس موقع پر مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے سندھ کو جاگیر بنا رکھا ہے، جس کی وجہ سے عوام کا ریاستی اداروں پر اعتماد کم ہوگیا، یہ ٹولہ ریونیو انجن پر قابض ہے، اربوں روپے کا پانی فروخت کرتے ہیں، نوکریاں فروخت کرتے ہیں،ادھر جی ڈی اے کی حمایت کےبعد ایم کیو ایم نے اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی کیلئے نئی درخواست جمع کرادی۔ درخواست پر اسمبلی سیکریٹریٹ کی کارروائی کےبعد نئے اپوزیشن لیڈر کا نوٹیفکیشن جاری ہوگا۔