کراچی : موسم کی خرابی کے باعث مسافرٹرینیں تاخیر کا شکار

کراچی : موسم کی خرابی اوربارشوں سے متاثرہ ٹریک پرٹرینوں کی رفتار60 سے 80 کلومیٹرفی گھنٹہ کئے جانے کے باعث مسافرٹرینیں تاخیر کا شکار ہورہی ہیں اورٹرینوں میں سہولیات کی کمی کے باعث مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ لاہور، فیصل آباد راولپنڈی، پشاور اور کراچی کے مابین چلنے والی نان اسٹاپ ایکسپریس ٹرینیں 4 سے 6 گھنٹے تاخیرکا شکارہورہی ہیں۔

کراچی سے روانہ ہونے والی مسافرٹرینیں ٹریک کی حالت بہترنہ ہونے جبکہ رفتارمیں کمی کی وجہ سے کراچی سے روہڑی کا سفرجوعام دنوں میں ساڑھے سات گھنٹے میں طے کیا جاتا ہے حالیہ بارشوں کے بعد 10 سے 12 گھنٹے میں طے ہورہا ہے۔ قرا قرم ایکسپریس،کراچی ایکسپریس،پاک بزنس ایکسپریس،ملت ایکسپریس،شالیمارایکسپریس سمیت مختلف مسافرٹرینیں گھنٹوں تاخیرکا شکارہونے پرمسافرپریشان ہیں۔

علاوہ ازیں اندرون ملک سے کراچی تاخیرسے پہنچنے والی مسافرٹرینوں کی بروقت روانگی کے لئے ریلوے کراچی ڈویژن مختلف ٹرینوں کے ریک ملاکرٹرینوں کوبروقت لانے کی کوشش کررہا ہے ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ پنجاب سے کراچی آنے والی ٹرینیں تاخیرکا شکارہونے پرٹرینوں کا شیڈول درہم برہم ہوا ہے جسے معمول پرلانے کے لئے مختلف اقدامات کئے جارہےہیں۔