شہباز شریف کی مولانا فضل الرحمان کے گھر آمد،واقعہ پر اظہار افسوس

پشاور (اُمت نیوز) وزیر اعظم محمد شہباز شریف جمعیت علما اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملنے ان کے گھر گئے، وزیرِ اعظم نے خار، باجوڑ میں جمعیت علماء اسلام کے ورکرز کنونشن حملے پر سربراہ جمعیت علماء اسلام سے اظہار افسوس کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ اس اندوہناک واقعے پر پوری قوم اشکبار ہے، جمعیت کے ورکرز کنونشن پر حملہ پاکستان کی جمہوریت پر حملہ ہے، انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند کرے اور سوگواران کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ میں نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات کر دی ہیں، واقعے کے ذمہ داران کی جلد نشاندہی کر کے انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، شہباز شریف نے شہداء کیلئے دعائے مغفرت بھی کی۔

اس موقع پر وفاقی وزراء بلاول بھٹو رزداری، اسحاق ڈار، مولانا اسعد محمود، خرم دستگیر خان، سردار اسرار ترین، ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری اور رکن قومی اسمبلی عبدالاکبر چترالی بھی موجود تھے۔