سیما حیدر کے پاکستانی شوہر کو بھارت آنے کی دعوت

اسلام آباد(اُمت نیوز)پب جی پر بھارت کے سچن مینا سے دوستی اور محبت کے بعد 4 بچوں کے ہمراہ پاکستان سے بھارت جانے والی پاکستانی شہری سیما حیدر ان دنوں اپنی پہلی فلم ’کراچی ٹو نوئیڈا‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔ فلم کے پروڈیوسر امیت جانی نے سیما جے سابق شوہر غلام حیدر کو ان کی زندگی کے بارے میں مزید جاننے کے لیے بھارت آنے کی دعوت دی ہے۔
پاکستان کے صوبہ سندھ سے تعلق رکھنے والی سیما مئی 2023 میں گریٹر نوئیڈا کے رابو پورہ علاقے میں رہنے کے لیے نیپال کے راستے بذریعہ غیر قانونی طور پر بھارت میں داخل ہوئی تھی۔
یہ فلم جانی فائر فاکس فلم پروڈکشن کے بینر تلے بنائی جا رہی ہے جس کی شوٹنگ کا آغاز کردیا گیا ہے اور سیما اس کے لیے آڈیشن بھی دے چکی ہیں۔
امیت جانی کا کہنا ہے کہ وہ وہ سیما کے سابق شوہر غلام حیدر سے ملنا چاہتے ہیں، اس لیے ان کی زندگی کے بارے میں مزید جاننے کے لیے غلام حیدر کو ممبئی یا دہلی آنے کی دعوت دی۔
پروڈیوسر کا کہنا تھا کہ اگر غلام حیدر بھارت نہیں آ سکے تو وہ فلم کے رائٹر کو سعودی عرب بھیج دیں گے جہاں وہ کام کرتے ہیں۔
فلم کے پروڈیوسر کے مطابق ، ’ہم دنیا کو بتانا چاہتے ہیں کہ پب جی کھیلتے ہوئے یہ محبت کی کہانی کیسے سامنے آئی، وہ ( سیما ) کیسے اور کیوں ہندوستان آئی اور کیا وہ جاسوس ہے یا نہیں۔ ہم اپنی فلم میں ان عناصر کو ظاہر کرنا چاہتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ہم سیما حیدر کے بارے میں تمام تفصیلات جمع کر رہے ہیں۔
فلم کے بارے میں بات کرتے ہوئے امیت جانی نے کہا کہ سیما اور سچن کا کردار ادا کرنے والوں کے حتمی انتخاب کا فیصلہ آئندہ دو دن میں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ فلم کی شوٹنگ دبئی میں کی جائے گی، جہاں سیما نے نیپال کے راستے ہندوستان میں داخل ہوکر اپنا سفر جاری رکھا تھا۔