لاہور میں بارش سے بجلی کا ترسیلی نظام بری طرح متاثر، 200 فیڈر ٹرپ

لاہور (اُمت نیوز) شہر میں ہونے والی بارش سے بجلی کا ترسیلی نظام بری طرح متاثر ہو گیا، بارش کے باعث لیسکو کے 200 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے۔
فیڈرز ٹرپ ہونے اور دیگر تکنیکی خرابیوں کے باعث متعدد علاقے بجلی سے محروم ہو گئے، گڑھی شاہو، قلعہ گجر سنگھ، حبیب اللہ روڈ، شاہدرہ، بادامی باغ، گرومانگٹ روڈ، تاج پورہ، بلال کالونی کے علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے۔
مغل پورہ، مصطفیٰ آباد، نیلا گنبد، کوئنز روڈ، سمن آباد، راج گڑھ، شاد باغ، جلو پارک، محمود بوٹی کے متعدد علاقوں میں بھی بجلی بند ہو گئی، بجلی کی بندش سے شہری کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
شہر کے مختلف علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے، شہر میں سب سے زیادہ بارش گلشن راوی میں 68 ملی میٹر، جیل روڈ 25، ایئرپورٹ 9، گلبرگ میں 33، لکشمی چوک میں 67 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔
اپرمال میں 32، مغلپورہ 24، تاجپورہ 40، نشتر ٹاؤن 21 اور چوک ناخدا میں 13 ملی میٹر بارش ہوئی، پانی والا تالاب میں 49، فرخ آباد 11، گلشن راوی میں 68 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
علامہ اقبال ٹاؤن میں 5، سمن آباد 5 ، جوہر ٹاؤن 18 اور قرطبہ چوک میں 61 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
علاوہ ازیں شیخوپورہ شہر اور مضافات میں طوفانی بارش سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے جبکہ مریدکے اور گرد و نواح میں تیز ہواؤں کیساتھ موسلا دھار بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔
پسرور بڈیانہ اور گرد و نواح میں آندھی اور طوفان کے باعث بجلی بند ہو گئی، تیز بارش کے باعث جل تھل ہو گیا۔