پرویز الہٰی کی رہائی کے سنگل بنچ کے فیصلے کیخلاف اپیل خارج کرنیکا فیصلہ جاری

لاہور (اُمت نیوز) لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب حکومت کی چودھری پرویز الہٰی کی رہائی کے سنگل بنچ کے فیصلے کے خلاف اپیل خارج کرنے کا فیصلہ جاری کر دیا۔
پنجاب حکومت کی اپیل خارج کرنے کا فیصلہ جسٹس محمد وحید خان اور جسٹس سلطان تنویر نے جاری کیا۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ سنگل بنچ کا پرویز الہٰی کو دیا گیا ریلیف قانون کے اصولوں سے مطابقت رکھتا ہے، سنگل بنچ کا فیصلہ انہی اصولوں پر ہے جو سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ نے دئیے ہیں۔
عدالت نے کہا کہ ایڈووکیٹ جنرل خالد اسحاق نے کہا سنگل بنچ نے فیصلے میں مانگی گئی استدعا سے بھی تجاوز کیا، سنگل بنچ نے درخواست میں کی گئی استدعا کے مطابق ہی ریلیف دیا۔
لاہور ہائی کورٹ نے فیصلے میں کہا کہ ایڈووکیٹ جنرل کا اعتراض درست نہیں، سنگل بنچ کے فیصلے میں مداخلت کی ضرورت نہیں اس لیے اپیل خارج کی جاتی ہے۔
واضح رہے کہ 2 رکنی بنچ نے 21 اگست کو حکومت کی اپیل خارج کرنے کا فیصلہ سنایا تھا۔