چہلم امام حسینؓ: پشاور میں افغان باشندوں کے داخلے پر پابندی

پشاور: چہلم امام حسین ؓ کے موقع پر پشاور میں افغان باشندوں کے داخلے پر پابندی اور دفعہ144 کے نفاذ کا فیصلہ کیا گیا، کمشنر پشاور ڈویژن محمد زبیر کی زیر صدارت چہلم امام حسین کے لئے انتظامات کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں ڈپٹی کمشنر پشاور شاہ فہد،ڈپٹی کمشنر نوشہرہ محمد کبیر آفریدی،ایس پی سکیورٹی پشاور عتیق شاہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نوشہرہ اور دیگر متعلقہ اداروں کے انتظامی افسران نے شرکت کی.

اجلاس میں 7 ستمبر کو چہلم امام حسینؓ کیلئے سکیورٹی انتظامات پر تبادلہ خیال کیا گیا اور دونوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے چہلم امام حسین ؓ کیلئے انتظامات پر کمشنر پشاور ڈویژن کو بریفنگ دی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر پشاور ڈویژن محمد زبیر نے چہلم امام حسین ؓ کیلئے بھی محرم الحرام کی طرز پر حفاظتی اور سکیورٹی انتظامات کے احکامات جاری کئے جس میں خصوصی کنٹرول روم قائم،فرقہ وارانہ اور نفرت انگیز مواد کی تشہیر روکنے کیلئے اقدامات،امن و امان برقرار رکھنے کیلئے مختلف مکاتب فکر کے افراد سے رابطہ اورافغان شہریوں کے شہر میں داخلے پر دفعہ 144 کے تحت پابندی عائد کی جائے گی ، کمشنر پشاور ڈویژن نے بلدیاتی اداروں کے ذریعے میونسپل سروسز کی فراہمی کے لئے بھی ہدایات جاری کرتے ہوئے چہلم امام حسینؓ کی تیاریوں کیلئے رپورٹ طلب کر لی۔