نگران وزیراطلاعات کی گلگت بلتستان میں پاک فوج کی تعیناتی کی تردید

اسلام آباد(اُمت نیوز)نگراں وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی نے گلگت بلتستان میں پاک فوج کی تعیناتی کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں حالات پر امن اور معمول پر ہیں۔
نگراں وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے گلگت بلتستان میں پاک فوج کی تعیناتی کی تردید کردی ہے، اور کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں چہلم حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کے موقع پر امن و امان برقرار رکھنے کے لئے پاک فوج اور سول آرمڈ فورسز کی خدمات طلب کی گئی ہیں، اور جلوس کے راستوں اور امام بارگاہوں کی سیکیورٹی کے لیے ماضی کی روایت کے مطابق خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔
مرتضی سولنگی کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان میں حالات معمول پر ہیں، تجارتی مراکز، تعلیمی ادارے اورسڑکیں کھلی ہیں، پاک فوج کی تعیناتی کے حوالے سے میڈیا میں گردش کرنے والی خبریں اور قیاس آرائیاں مکمل طور پر بے بنیاد ہیں۔
نگران وزیراطلاعات نے بتایا کہ صرف چہلم کی سیکیورٹی اور صورتحال کے پیش نظرمحکمہ داخلہ نے گلگت بلتستان میں 144 نافذ کررکھی ہے۔