جی 20اجلاس،سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نئی دہلی پہنچ گئے

 

نئی دہلی (اُمت نیوز ) سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان جی 20 سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے بھارت پہنچ گئے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور ان کے ساتھ آئے اعلیٰ حکام 11 ستمبر تک بھارت میں رہیں گے۔
بھارتی وزارت خارجہ کے مطابق سعودی ولی عہد وزیراعظم نریندر مودی کی دعوت پر بھارت آئے ہیں ، اجلاس کے موقع پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور بھارتی وزیراعظم مودی سرمایہ کاری فورم کی میزبانی کریں گے۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق دورے کے دوران دونوں رہنما دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کریں گے، سعودی عرب کی امریکا، بھارت اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے رہنماؤں کے ساتھ ایک انفرا اسٹرکچر ڈیل کا بھی امکان ہے، جس کے تحت خلیجی اور عرب ممالک ریلوے اور بندر گاہوں کے ذریعے بھارت سے جڑ سکیں گے۔
بھارت میں 2 روزہ جی 20 سربراہی اجلاس میں شرکت کیلئے دنیا بھرسے عالمی رہنماؤں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
اجلاس میں غریب ممالک کیلئے قرضوں میں ریلیف، موسمیاتی تبدیلی کے خلاف اقدامات، غذائی تحفظ بڑھانے پر بات ہوگی۔
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی 15سے زائد عالمی رہنماؤں سے سائیڈ لائن ملاقاتیں کریں گے، نئی دہلی میں جی20 اجلاس کےحوالے سے سکیورٹی سخت ہے۔
دوسری جانب نئی دہلی میں اجلاس سے قبل تبتی کمیونٹی کی جانب سے احتجاج کیا گیا، سربراہان کے عشائیے میں کھانا سونے اور چاندی کے برتنوں میں پیش کرنے پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی پر کڑی تنقید کی جارہی ہے ۔
واضح رہے کہ چینی صدرشی جن پنگ نے بھارت میں ہونے والے جی 20 سربراہی اجلاس میں شرکت سے معذرت کر لی تھی ان کی جگہ چینی وزیر اعظم لی چیانگ اجلاس میں شریک ہوں گے۔
اس کے علاوہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے بھی جی 20 ممالک کے سربراہی اجلاس میں شرکت سے معذرت کی تھی جبکہ سپین کے صدر کورونا کے باعث اجلاس میں شرکت نہیں کرسکیں گے ۔