اداروں کو اپنی حدود میں رہ کر کام کرنا ہوگا، فائل فوٹو
اداروں کو اپنی حدود میں رہ کر کام کرنا ہوگا، فائل فوٹو

عجیب بات ہے ایک جماعت الیکشن تاریخ دے رہی ہے، بلاول بھٹو

مظفر گڑھ: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ الیکشن ہونے چاہئیں بڑی عجیب بات ہے ایک جماعت الیکشن تاریخ دے رہی ہے،مجھے نہیں پتہ، الیکشن کب ہیں، آپ کو نہیں پتہ الیکشن کب ہیں مگر اس جماعت کو پہلے سے پتہ ہے ۔

مظفر گڑھ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اس صورتحال میں ہم لیول پلیئنگ فیلڈ نہ ہونے کا شکوہ نہ کریں تو کیا کریں، آئین 90 دن میں الیکشن کا کہتا ہے اگر کوئی مشکل ہے تو 100 دن میں کر لیں، کوئی تاریخ تو دیں، بڑی عجیب بات ہے ایک جماعت الیکشن کی تاریخ دے رہی ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ کسی کو نہیں پتہ الیکشن کب ہوں گے، الیکشن کمشنر کو نہیں پتہ الیکشن کب ہوں گے،ان کا کہناتھا کہ پی ڈی ایم میثاق جمہوریت کے حق میں نہیں،ہم نے تو چاہا تھا کہ میثاق جمہوریت ٹو بھی بنے،ہم نے نئے میثاق جمہوریت کی کوشش  کی لیکن وہ نہیں ہو سکا۔

بلاول بھٹو نے کہاکہ پیپلزپارٹی اپنی وزارتوں کی جواب دہ ہے اور پی ڈی ایم اپنی،پاکستان کو مسائل سے نکالنے کیلیے تمام جماعتوں کو ایک ساتھ بیٹھنا ہو گا۔

ان کا کہنا ہے کہ مشکلات ضرور ہیں لیکن ان کا حل بھی ہمارے پاس ہے، پیپلز پارٹی نے بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت غریبوں کی مدد کی، 9 مئی کو حملے کرنے والی جماعت کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

ان کا کہناتھا کہ ہم سیاسی مخالف کے بجائے ذاتی دشمن بن رہے ہیں،ملک  کو مل کر مسائل سے نکالا جائے، گالم گلوچ کی سیاست کو ختم کرنا ہوگا،انتخابات کی تاریخ میرے ہاتھ نہیں الیکشن کمیشن کا اختیار ہے،کل پارٹی کے سی ای سی اجلاس میں پالیسی سامنے رکھیں گے،الیکشن سے متعلق حکمت عملی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی طے کرے گی۔