بلوچستان ، سی ٹی ڈی کی کارروائی میںکالعدم بی ایل اے 2 دہشتگرد ہلاک

کوئٹہ: محکمہ انسداد دہشت گردی ( سی ٹی ڈی) نےبلوچستان کے ضلع جعفرآباد میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم بی ایل اے کے 2 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا ، جبکہ کارروائی کے دوران دہشتگردوں سے اسلحہ ، گولہ باردو اور دھماکاخیز مواد بھی برآمد ہوا ۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق کاونٹر ٹیرارزم خضدار کی جانب سے جعفرآباد کے علاقے میں بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے ) کے خلاف کارروائی کی گئی ۔

سی ٹی ڈی کے مطابق خفیہ اطلاع ملی تھی کہ کالعدم تنظیم کے کمانڈر سراج بھٹار اور دیگر نے اپنے ایک قریبی ساتھی کو خضدار میں دہشتگردی کی مذموم کارروائی کا کام سونپا ہے، جس کے بعد سی ٹی ڈی کی جانب سے منصوبہ بندی کی گئی ۔

ترجمان کے مطابق جعفرآباد کے قریب علاقے کی ناکہ بندی کرکے مشتبہ افراد کی نقل و حرکت پر نظر رکھی گئی ،چیکنگ کے دوران موٹرسائیکل پر سوار دو افراد جنہوں نے چہرے کپڑے سے ڈھانپ رکھے تھے انہیں ناکے پر رکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے اچانک فورسز پر فائرنگ کردی اور جوابی فائرنگ میں دونوں دہشتگر مارے گئے۔

ترجمان نے بتایا کہ ہلاک ملزمان کے قبضے سے اسلحہ ، گولہ باردو اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے ،جن میں ایک کلاشنکوف ، پستول ، 2 دستی بم ، پرائما کارڈ ، 5 کلو گرام دھماکاخیز مواد اور دیگر سامان شامل ہے ۔

ترجمان کے مطابق ہلاک دہشتگردوں کی لاشوں کو ضرروی کارروائی کیلئے خضدر ٹیچنگ ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔اورواقعہ کا مقدمہ سی ٹی ڈی خضدار میں درج کیا جائے گا جبکہ دیگر دہشتگردوں کی گرفتاری کے لیے بھی مختلف علاقوں میں کارروائیاں جاری ہیں ۔