جسٹس قاضی فائز عیسیٰ آج چیف جسٹس آف پاکستان کےعہدے کا حلف اٹھائیں گے

اسلام آباد (اُمت نیوز) جسٹس قاضی فائز عیسیٰ 29 ویں چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کا حلف آج اٹھائیں گے۔
جسٹس عمر عطاء بندیال رات 12 بجتے ہی چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے سے ریٹائر ہوگئے جس کے بعد آج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نئے چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔
چیف جسٹس کی تقریب حلف برداری ایوان صدر میں ہوگی جہاں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نو منتخب چیف جسٹس جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سے حلف لیں گے۔
حلف برداری کی تقریب میں نگران وزیر اعظم، کابینہ اراکین، سروسز چیفس، ججز اور وکلاء سمیت دیگر حکام شریک ہوں گے۔
واضح رہے کہ 21 جون کو صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی بطور چیف جسٹس آف پاکستان تعیناتی کی منظوری آئین کے آرٹیکل 175 اے 3 کے تحت دی تھی۔