کیویز نے ڈچ ٹیم کو بھی تختہ مشق بنانے کا ارادہ کرلیا

کراچی(اُمت نیوز)آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ میں چھٹا میچ آج نیوزی لینڈ اور نیدرلینڈز کے درمیان کھیلا جائیگا۔
کیویز نے انگلینڈ کے بعد ڈچ ٹیم کو بھی تختہ مشق بنانے کا ارادہ کرلیا، 2019 کی فائنلسٹ ٹیم کی نگاہیں لگاتار دوسری فتح پر مرکوز ہیں، کیویز کو انجرڈ پلیئرز کے دستیاب ہوجانے پر کمک مل گئی ہے، ڈچ ٹیم پاکستان سے ناکامی کا ازالہ کرنے کے لیے کوشاں ہوں گی، بیس ڈی لیڈ امیدوں کا محور ہوں گے۔
نیوزی لینڈ کے لوکی فرگوسن اور ٹم سائودی ڈچ ٹیم کیخلاف میدان سنبھال سکتے ہیں جبکہ ریگولر کپتان کین ولیمسن بدستور سائیڈ لائن پر ہی رہیں گے۔
کیوی ہیڈ کوچ گیرے اسٹیڈ نے انجرڈ تین پلیئرز کی انجری سے متعلق اپڈیٹ میں کہا ہے کہ ٹم سائودی اور لوکی فرگوسن کی ڈچ الیون کیخلاف واپسی کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے، ہیڈ کوچ کے مطابق کین ولیمسن کو ابھی مزید کچھ وقت گراؤنڈ سے باہر گزارنا پڑیگا۔
کیوی کوچ کا کہنا ہے کہ لوکی فرگوسن نے عمدگی سے ٹریننگ کی ہے اور وہ اب ہمیں اگلے میچ میں دستیاب ہوسکتے ہیں، ٹم سائودی بھی بہتر ہوگئے ہیں، ان کا حتمی ایکسرے بھی کلیئر آگیا ہے، ہم صورتحال بہتر رہنے پر انھیں میچ میں طلب کرسکتے ہیں۔
انگلینڈ سے افتتاحی میچ میں کیویز کو اہم پلیئرز کی انجری مسائل درپیش تھے، فرگوسن کو کمر میں تکلیف تھی جبکہ ساؤدی کے دائیں انگوٹھے میں فریکچر ہوگیا تھا۔
ولیمسن اگرچہ وارم اپ میچز میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کیخلاف 54 اور 37 رنز بناکر ریٹائرڈ آئوٹ ہوگئے تھے لیکن انھوں نے انگلینڈ سے میچ میں شرکت نہیں کی تھی، وہ اب 13 اکتوبر کو چنئی میں بنگلہ دیش کیخلاف ٹیم کے تیسرے میچ سے واپسی کرسکتے ہیں۔