امداد دینے کے بہانے غریب خواتین کو بھی نشانہ بنایا جاتا ہے، فائل فوٹو
 امداد دینے کے بہانے غریب خواتین کو بھی نشانہ بنایا جاتا ہے، فائل فوٹو

اسکول پرنسپل کا طالبات کو ہراساں کرنے کا ایک اور واقعہ، ملزم گرفتار

سعودآباد میں سرکاری اسکول کے پرنسپل کی جانب سے دسویں جماعت کی طالبات کو ہراساں کرنے پر پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

کراچی میں اسکول پرنسپل کی جانب سے طالبات کو ہراساں کرنے کا ایک اور واقعہ سامنے آگیا ہے، اوراب سعود آباد میں سرکاری اسکول کے پرنسپل کی جانب سے دسویں جماعت کی طالبات کو ہراساں کرنے پر پولیس نے گرفتارکیا۔

پولیس کے مطابق لڑکیوں کے سرکاری اسکول کاپرنسپل بچیوں کےساتھ نازیبا حرکات کرتا تھا، بچیوں کے والدین نے تھانہ سعودآباد پولیس کو پرنسپل کی جانب سے ہراساں کرنے سے آگاہ کیا، جس پر فوری ایکشن لیتے ہوئے ایس ایس پی کورنگی نے ملزم کی گرفتاری کا حکم دیا۔

پولیس کے مطابق پولیس ٹیم نے اسکول کے ہیڈ ماسٹر اعظم ولد کھوڑو خان کو گرفتار کرلیا ہے اور ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، جب کہ مزید تفتیش جاری ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھی کراچی کی تاریخ میں نازیبا ویڈیوز کا ایک بڑا اسکینڈل بے نقاب ہوا تھا، اور بدقسمتی سے اس میں بھی اسکول پرنسپل ہی ملزم تھا۔