میں مغل بادشاہ نہیں جو کہوں کوئی الیکشن لڑے گا یا نہیں،انوارالحق کاکڑ

اسلام آباد: نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ انتخابات میں کسی کی حمایت کریں گے اور نہ ہی کسی کیلیے ادارہ جاتی مداخلت ہوگی، پی ٹی آئی کے جو لوگ ٹھیک ہیں وہ قانونی دائرے میں رہ کر الیکشن لڑیں گے.
نگراں وزیراعظم نے سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے پاس پونے تین ماہ رہ گئے ہیں،ہم صرف الیکشن کرانے آئے ہیں، میری گفتگو پر مسلسل باتیں کی جاتی ہیں، مجھے وضاحتیں دینے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی قانونی جماعت ہے جو لوگ ٹھیک ہیں وہ قانون کے دائرے میں رہ کر الیکشن لڑیں گے۔
انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ میں کوئی مغل بادشاہ ہوں جو کہوں کوئی لڑے گا یا نہیں، ہم کسی کو فیور دیں گے نہ ہی کسی کیلئے ادارہ جاتی مداخلت ہوگی۔غیر قانونی مہاجرین کے حوالے سے انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ صرف ان افغان مہاجرین کو نکال رہے ہیں جو رجسٹرڈ نہیں ہیں۔
نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہاہے چیئرمین پی ٹی آئی الیکشن سے پہلے رہا ہوں گے یا نہیں فیصلہ عدالت نے کرنا ہے، ہم نے نہیں۔ایک انٹرویومیں انوار الحق کاکڑ نے کہا آرمی چیف سویلین بالا دستی پر یقین رکھتے ہیں، بھارت کو چاہیے پاکستانی کرکٹ شائقین کو ویزے دے، اگر ایسا ایونٹ پاکستان میں ہوتا تو بھارتی شائقین کو ضرور ویزے دیتے، مجھے نگران وزیراعظم بننے کی اطلاع سابق وزیراعظم نے دی۔