پاکستان کی ورلڈکپ میں دوسری فتح، سری لنکا کو 6 وکٹوں سے ہرا دیا

حیدر آباد ، دھرم شالا: بھارت میں جاری آئی سی سی ورلڈ کپ کے اپنے دوسرے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 6وکٹوں سے ہرا کر تاریخ رقم کر دی جبکہ اس سے قبل کھیلے جانیوالے انگلینڈ اور بنگلہ دیش کے میچ میں انگلش ٹیم 137 رنز سے کامیاب رہی ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور سری لنکا کے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے ہوئے 9 وکٹوں پر 344 رنز بنائے جو کسی بھی آئی سی سی ورلڈ کپ کا سب سے بڑا ٹوٹل ہے ۔ سری لنکا کی طرف سے دو سنچریاں سکور کی گئیں جن میں وکٹ کیپر کوشل مینڈس نے 122 اور وکراما 108 رنز بنانے میں کامیاب رہے ۔ پاکستان کی طرف سے حسن علی نے 4 حارث رئوف نے 2 اور شاہین ، شاداب اور نواز نے 1 ،1وکٹ حاصل کی۔ جواب میں پاکستان نے345 رنز کا تاریخی ہدف6وکٹوں پر48.2اوورز میں حاصل کر لیا ۔ پاکستان کی طرف سے عبداللہ شفیق نے 113 اور محمد رضوان ناٹ آئوٹ 131رنز بنا کر نمایاں رہے ۔

 

امام الحق 12بابر اعظم 10 اور سعود شکیل 31 رنز بنا کر پویلین لوٹے ۔ افتخار احمد نے 22 رنز ناٹ آئوٹ بنائے ۔ سری لنکا کی طرف سے مدھو شانکا نے 2تکشانا اور پیتھرانا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔ 345رنز ورلڈ کپ کی تاریخ کا سب سے بڑا ہدف حاصل کیا گیا ہے اس سے قبل 2011ء کے ورلڈ کپ میں آئرلینڈ نے انگلینڈ کے 328 رنز حاصل کئے تھے جو کہ گزشتہ روز کے میچ سے قبل ورلڈ کپ کا سب سے بڑا ٹوٹل تھا ۔ اس سے قبل کھیلے جانیوالے میچ میں دفاعی چیمپئن انگلینڈ نے بنگلہ دیش کو 137 رنز سے شکست دیدی انگلینڈ کے364 رنز کے جواب میں بنگلہ دیشی 227رنز پر ڈھیر ہوگئی ، انگلش بیٹرڈیوڈ ملان نے 107 گیندوں پر16 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 140 رنز بنائے ، مین آف دی میچ قرار پائے ۔