7 سالہ بچی زیادتی کے بعد قتل، ورثاء کا سڑک بند کرکے احتجاج

فیصل آباد (اُمت نیوز)فیصل آباد میں درندہ صفت سفاک ملزم نے 7 سالہ بچی کو اغوا اور زیادتی کے بعد قتل کردیا۔

پولیس کے مطابق ڈجکوٹ کے علاقے گاؤں باراں میں 2 روز قبل گھر کے باہر کھیلتے ہوئے اغواء ہونے والی 7 سالہ بچی کی لاش آج صبح ویرانے میں جھاڑیوں سے ملی جسے زیادتی کے بعد قتل کیا گیا تھا۔

لواحقین نے پولیس کے خلاف احتجاج کیا اور ٹائر جلا کر سمندری فیصل آباد روڈ ٹریفک کے لئے بلاک کردیا۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ پولیس درندہ صفت قاتل کو فوری طور پر گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچائے۔

ادھر پولیس نے لاش قبضے میں لیکر پوسٹمارٹم کے لئے اسپتال منتقل کردی جب کہ سی پی او فیصل آباد کیپٹن ریٹائرڈ علی ضیاء نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کے لئے ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔