کرکٹ ورلڈکپ:بھارت نے افغانستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی

دہلی: آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ کے نویں میچ میں بھارت نے افغانستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی،بھارت نے 273 رنز کا ہدف 35ویں اوور میں مکمل کرلیا۔کپتان روہت شرما 131 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر نمایاں رہے۔ تفصیلات کے مطابق بھارت کی جانب سے ہدف کے تعاقب کے لیے شاندار طریقے سے اننگز کا آغاز کیا گیا،کپتان روہت شرما نے افغانی بائولرز کی خوب دھلائی کی اور گرائونڈ کے چاروں اطراف میں بائونڈریاں لگائی،انہوں نے اپنی اننگز میں محض 84 گیندوں پر 131 رنز بنائے جس میں 16 چوکے اور 5 چھکے شامل ہیں۔روہت شرما نے اننگز میں 5 چھکے لگاکر کرس گیل کا سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ توڑ دیا،اس کے علاوہ روہت شرما نے ورلڈکپ میں 1000 رنز بھی مکمل کرلیے۔ افغانستان کی جانب سے واحد 2 وکٹیں راشد خان نے لی،راشد خان نے اشان کشن اور روہت شرما کو پویلین کی راہ دکھلائی۔

جسپریت بمراہ نے اوپنر ابراہیم زدران کو 22 رنز پر آؤٹ کیا، رحمان اللہ گرباز کو ہاردک پانڈیا نے 21 جب کہ رحمت شاہ کو شاردل ٹھاکر نے 16 رنز پر پویلین لوٹایا۔ کپتان حشمت اللہ شاہدی نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلی اور 80 رنز بناکر اپنی ٹیم کو سنبھلنے کا موقع دیا جسم یں ان کا ساتھ عظمت اللہ نے دیا جنہوں نے 2 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے اسکور بورڈ پر 60 رنز جوڑے۔افغانستان کا لوئرآرڈر خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکا جس کے باعث افغانی ٹیم 300 رنز کا ٹوٹل دینے میں ناکام رہی۔

بھارتی ٹیم کی جانب سے جسپریت بمراہ نے 4 وکٹیں حاصل کی جب کہ یارڈک پانڈیا نے 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا،شردل ٹھاکر اور کلدیپ یادو کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

بھارت کے شہر دہلی میں کھیلے جارہے میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ اس موقع پر افغانستان کے کپتان حشمت اللہ شاہدی کا کہنا تھا کہ پچ بیٹنگ کے لیے سازگار لگ رہی ہے، اگر ہم اچھا ہدف دینے میں کامیاب رہے تو ہمارے پاس اس کا دفاع کرنے کے لیے اچھی ٹیم ہے۔

بھارتی کپتان روہت شرما نے کہا کہ اگر ہم ٹاس جیتتے تو بعد میں بیٹنگ کرتے کیونکہ ٹریننگ کے دوران اوس کا مشاہدہ کیا، جبکہ وکٹ زیادہ تبدیل نہیں ہوگی، ہمیں اچھی باؤلنگ کرنے کی ضرورت ہے، ایک تبدیلی کی ہے، ایشون کی جگہ شیردل ٹھاکر کو شامل کیا گیا ہے۔